جمعرات، 12 جون، 2025

سیرت النبی ؐ اور عصر حاضر(۱)

 

سیرت النبی ؐ اور عصر حاضر(۱)

خلق عظیم و اسوہ ء کامل حضور ؐکا آداب زیست سارے جہاں کوسکھا گیا۔
آج سے چودہ سو سال قبل اقوام عالم میں ہر طرف تاریکی چھائی ہوئی تھی خاص طور پر عرب میں ہر طرف بد اخلاقی ، لڑائی جھگڑا ، عورتوں کی بے حرمتی عام تھی۔ہر طرف ظلم و جبر کا دور دورہ تھا۔ پھر اللہ تعالی نے اقوام عالم پر احسان کیا اور عرب میں بدر منیر چمکا جس کی آمد سے ظلمت کے اندھیرے چھٹ گئے ، عورتوں اورغلاموں کو عزت مل گئی۔حضور نبی کریم ﷺ  کی آمد سے ایسا نور چمکا جس نے پوری اقوام عالم کو جینے کا سلیقہ سکھایا اور آداب معاشرت سکھائے۔ 
بنجر دلوں کو آپؐ نے سیراب کر دیا 
ایک چشمہ صفات ہے سیرت رسولؐ کی 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’بیشک اللہ نے ایمان والوں پر بڑا احسان فرمایا جب ان میں ایک رسول مبعوث فرمایا جو انہی میں سے ہے۔ وہ ان کے سامنے اللہ کی آیتیں تلاوت فرماتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دیتا ہے اگرچہ یہ لوگ اس سے پہلے یقینا کھلی گمراہی میں پڑے ہوئے تھے ‘‘۔ ( سورۃ آل عمران : آیت ۱۶۴)۔
یہ حضور نبی کریم ﷺ کی نظر کرم اور صحبت کا ہی اثر تھا کہ ابو بکر ؓ  آئے تو صدیق اکبر بن گئے ، عمر ؓ  آئے تو فاروق اعظم بن گئے ، عثمان ؓآئے تو ذوالنورین کا لقب پایا ، علی المرتضی ؓ آئے تو شیر خدا حیدر کرار بن گئے اور خالد بن ولیدؓ آئے تو سیف اللہ کا لقب پایا۔حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے راہنمائی موجود ہے۔وہ معاشرتی معاملات ہو ں یا پھر خاندانی ، انصاف کی فراہمی ہو یا پھر جنگ کا میدان ، حکومتی معاملات ہوں یا پھر دین کی تبلیغ الغرض آپ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ 
 تاریخ کے آئینے میں دیکھا جائے تو ہر دور میں بنی نوع انسان کو مختلف مشکلات اور چیلنجز نے گھیرے رکھا ہے۔ عصر حاضر میں مختلف فتنے سر اٹھا رہے ہیں۔
جدید سائنس ، ٹیکنالوجی ، سوشل میڈیا اور معاشی و فکری انقلاب نے ہمیں بے شمار سہولیات فراہم کی ہیں۔لیکن اس کے ساتھ ساتھ انسان کو روحانی اور اخلاقی طور پر کمزور بھی کیا ہے۔ موجودہ حالات میں اگر کوئی ایسا معیار یا اصول ہے جو انسان کو غلط اور صحیح کی پہچان کرا سکے۔معاشرے کو امن و سلامتی ،عدل و انصاف اور اعلی انسانی اقدار کی طرف رہنمائی کر سکے تو وہ صرف اور صرف نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ ہے جس کو اپنا کر ہم موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ 
حضور نبی رحمت ؐ کی سیرت طیبہ قیامت تک رہنمائی کاواحد ذریعہ ہے۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’بیشک تمہارے لیے رسو ل اللہ (ﷺ) کی ذات میں 
بہترین نمونہ موجود ہے ‘‘۔ ( سورۃ الاحزاب )۔
تصویر زند گی کو تکلم عطا کیا
حسن تصورات ہے سیرت رسول ؐکی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں