حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نبی کریمﷺ کی زوجہ محترمہ اور اسلام کی عظیم المرتبت خواتین میں سے ایک ہیں۔ آپ کی زندگی تقویٰ، علم، حکمت اور دین کی خدمت سے بھرپور تھی ۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بے شمار فضائل اور اعلیٰ خصوصیات سے نوازا جس کی وجہ سے آپ کا مقام ومرتبہ بہت بلند ہے۔ آپؓ کا نام عائشہ، کنیت ام عبد اللہ اور صدیقہ، حبیبۃ الرسول اور ام المؤمنین القاب ہیں۔ آپ ؓ کے والد گرامی مسلمانوں کے پہلے خلیفہ حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ ہیں۔ آپؓ واحد صحابیہ ہیں جن کی پاکی کی گواہی قرآن مجید نے دی۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: بے شک جو لوگ بہتان لے کر آئے وہ تم سے ایک گروہ ہے تم اسے اپنے لیے بُرا نہ سمجھو بلکہ یہ تمہارے لیے بہتر ہے۔(سورۃ النور)
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کا علمی مقام بہت بلند ہے۔ آپؓ سے مروی احادیث کی تعداد2210 ہے اسی وجہ سے آپ’ فقیہہ الامہ‘ کہا جاتا ہے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنی علمی مسائل پوچھنے کے لیے آپؓ کے پاس تشریف لاتے تھے۔ احادیث مبارکہ میں آپؓ کے بے شمار فضائل بیان کیے گئے ہیں۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ ہی سے مروی ہے کہ ایک روز نبی کریمﷺ نے فرمایا، اے عائشہ، یہ جبرائیل تمھیں سلام کہتے ہیں ۔ آپ فرماتی ہیں کہ میں نے جواب دیا ان پر بھی سلام ہو اور اللہ کی رحمت اور برکات ہوں۔ لیکن آپؐ یعنی نبی کریمﷺ جو کچھ دیکھ سکتے ہیں وہ میں نہیں دیکھ سکتی۔ (متفق علیہ)
حضرت عروہ بن زبیر ؓ سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے پاس اللہ کے رزق میں سے جو بھی چیز آتی وہ اس کو اپنے پاس نہ روکے رکھتیں بلکہ اسی وقت اس کا صدقہ فرما دیتیں۔ (بخاری)
حضرت ابو موسیٰ ؓبیان کرتے ہیں کہ جب بھی ہم صحابہ کرام ؓ کے لیے کوئی حدیث مشکل ہو جاتی تو ہم ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے اس بارے میں پوچھتے تو ان کے ہاں اس حدیث کا صحیح علم پا لیتے۔(ترمذی) امام طبرانی روایت کرتے ہیں کہ حضرت زہری ؓ فرماتے ہیں، نبی کریمﷺ نے فرمایا، اگر امہات المؤمنین سمیت امت کی تمام عورتوں کے علم کو جمع کیا جائے تو حضرت عائشہؓ کا علم ان سب سے زیادہ ہے۔
حضرت عائشہ ؓ عبادت و زہد میں بے مثال تھیں آپ ؓ اکثر روزے رکھتیں راتوں میں تہجد ادا کرتیں اور صدقہ خیرات میں بھی سب سے آ گے رہتیں۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا وصال17 رمضان المبارک کو ہوا۔
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ علم ، تقویٰ ، سخاوت ، فہم و فراست اور نبی کریمﷺ کی محبت میں منفرد مقام رکھتی ہیں۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی زندگی ہر مسلمان کے لیے مشعل راہ ہے او ر قیامت تک آپؓ کی علمی و دینی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں