فضائلِ قرآن مجید (۱)
قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کی لاریب اور عظیم کتاب ہے جس میں تمام انسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی موجود ہے۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺکے قلبِ اطہر پر رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں نازل فرمایا ۔ جس طر ح نبی کریمﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور نبی ہیں اسی طر ح قرآن مجیدبھی اللہ تعالیٰ کی آخری آسمانی کتاب ہے اور اس میں قیامت تک کے آنے والے انسانوں کے لیے ہدایت اور نور ہے ۔ قرآن مجید کے بے شمار فضائل ہیں جن میں سے چند ایک بیان کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں ۔
قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپؐنے فرمایا میری امت کی عبادتوں میں افضل عبادت تلاوت قرآن مجید ہے ۔ حضرت ابو ذر غفاریؓ فرماتے ہیں، میں نے حضور نبی کریمﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کی، یا رسول اللہﷺ، مجھے کچھ وصیت فرمائیں ۔ آپؐ نے فرمایا، اللہ تعالیٰ سے تقویٰ اختیار کرو، یہ چیز تمھارے دین اور معاملات کو ٹھیک حالت میں رکھنے والی ہے۔ میں نے عرض کی، کچھ اور ارشاد فرمائیں تو آپؐ نے فرمایا، خود کو تلاوت قرآن مجید اور اللہ کے ذکر کا پابند بنا لو تو خدا تمھیں آسمانوںپر یاد کرے گا اور تاریکیوں میں یہ دونوں چیزیں تمھارے لیے روشنیوں کا کام کریں گی۔ (مشکوٰۃ شریف)
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو رشدو ہدایت کا ذریعہ بھی بنایا اور اسے شفاء حاصل کرنے کا بھی ذریعہ قرار دیا ۔ سورۃ البقرۃ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں اور اس میں ہدایت ہے پرہیز گاروں کے لیے ‘۔قرآن مجید سے زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔
ٰٓایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتاہے:اے لوگو !تمھارے پاس تمھارے رب کی طرف سے نصیحت آچکی اور دلوں کی صحت اور ہدایت اور رحمت ایمان والوں کے لیے‘۔(سوۃ یونس )
جب مسلمان قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں تو اس سے دلوں کو سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے اور بندہ ذہنی طور پر بھی خود کو پرسکون محسوس کرتا ہے ۔اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی تلاوت کرنے والوں ، نماز قائم کرنے والوں اور مال کو اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کو اجر عظیم کی خوشخبری سنائی ہے۔ارشاد باری تعالیٰ ہے : بے شک جو اللہ تعالیٰ کی کتاب کی تلاوت کرتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں اور اس مال سے خرچ کرتے ہیں جو ہم نے ان کو دیا رازداری سے اور علانیہ وہ ایسی تجارت کے امید وار ہیں جو ہرگز نقصان والی نہیں ۔ (سورۃ فاطر)
قرآن مجید کی تلاوت کرنے سے بندہ شیطانی وسوسوں سے محفوظ رہتا ہے ۔ اور گھر کو رحمت الٰہی اور برکت سے بھر دیتا ہے ۔حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس گھر میں سورۃ البقرۃ کی تلاوت کی جائے اس گھر میں شیطان داخل نہیں ہوتا ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں