زکوٰۃ کی فرضیت قرآن و حدیث کی روشنی میں(۲)
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو نبی کریم ؐ نے جب یمن بھیجا تو فرمایا انہیں بتائو کہ اللہ نے ان پر زکوٰۃ فرض کی ہے جو ان کے مالداروں سے لے کر ان کے غریبو ں میں تقسیم کی جائے گی۔
زکوٰۃ نہ دینے والوں کے لیے وعید : جو لوگ اپنے مال کی زکوٰۃ ادا نہیں کرتے اور اسے جمع کر کے رکھتے ہیں ان کے لیے قرآن و حدیث میں سخت وعید ہے۔ سورۃ التوبہ میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے : ’’اور وہ لوگ جو سونے اور چاندی کو جمع کر کے رکھتے ہیں اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے انہیں دردناک عذاب کی خوشخبری سنا دو۔ جس دن وہ (مال ) جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا ، پھر اس سے ان کی پیشانیوں ، پہلوئوں اور پیٹھوں کو داغا جائے گا (اور ان سے کہا جائے گا ) یہ وہ مال ہے جسے تم نے اپنے لیے جمع کیے رکھا سو اب اپنے اس مال کا مزا چھکو ، جسے (بڑی چاہت سے) جمع کر کے رکھتے تھے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس شخص کو اللہ تعالیٰ نے مال دیا ہو وہ اس کی زکوٰۃ ادا نہ کرے وہ مال قیامت کے دن گنجا سانپ بنا دیا جائے گا ، اس کی آنکھوں پر دو سیاہ نقطے ہوں گے ، اس سانپ کو اس کے گلے میں طوق بنادیا جائے گا پھر وہ اس شخص کو اپنے جبڑو ں سے پکڑے گا پھر کہے گا میں تیرا مال ہو ں ، میں تیرا خزانہ ہوں۔اس کے بعد نبی کریم ﷺنے یہ آیت مبارکہ تلاوت کی۔
ترجمہ : اور جو لوگ اس چیز میں بخل کرتے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے انہیں عطا کی ہے ( یعنی زکوٰۃ ادا نہیں کرتے ) وہ ہرگز یہ گمان نہ کریں کہ وہ ان کے حق میں بہتر ہے بلکہ وہ ان کے حق میں بہت برا ہے ، عنقریب وہ مال جس میں انہوں نے بخل کیا قیامت کے دن انہیں اس کا طوق بنا کر ڈالا جائے گا۔ ( بخاری )۔
جو لوگ زکوٰۃ ادا نہیں کرتے نبی کریم ﷺ نے ان پر لعنت فرمائی ہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺنے سود کھانے والے ،سود کھلانے والے ، سود لکھنے والے اور صدقہ روکنے والے پر لعنت فرمائی ہے۔ ( سنن نسائی )۔
جو قوم زکوٰۃ ادا نہیں کرتی اللہ تعالیٰ اسے قحط سالی اور فاقہ میں مبتلا کر دیتا ہے۔حضرت بریدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺنے فرمایا: جو قوم بھی زکوٰۃ ادا کرنے سے رکی ہے اسے اللہ تعالیٰ نے قحط سالی میں مبتلا کیا ہے۔ ( معجم الاوسط )۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ قیامت کے دن زکوٰۃ ادا نہ کرنے والوں کا سخت حساب لیا جائے گا اور دردنا عذاب دیا جائے گا۔(المعجم الصغیر)۔
مندرجہ بالا تمام آیات و احادیث زکوٰۃ کی اہمیت ، اس کے فوائد اور زکوٰۃ نہ دینے والوں کا انجام واضح کرتی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے مال کی زکوٰۃ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں