جمعہ، 28 فروری، 2025

استقبال رمضان

 

 استقبال رمضان

روزہ عبادت ، صبر کا پیغام ہے
یہ ماہ رمضان رب کا انعام ہے
رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کے لیے رحمت ، مغفرت اور جہنم سے نجات کا پیغام لے کر آتا ہے۔ ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کی بے شمار برکتوں اور نعمتوں سے بھرپور مہینہ ہے۔ اس ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ کے بندے اپنے رب کو خوش کرنے کے لیے عبادت اور دیگر نیک اعمال کرنے میں مشغول ہو جاتے ہیں اور اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو جکڑدیا جاتا ہے۔ (بخاری )۔
ماہ رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس کی آمد سے پہلے ہی ماہ مقدس کا استقبال کرنے کی تیاری کریں اور خود کو جسمانی ، ذہنی اور روحانی لحاظ سے تیار رکھیں۔ کسی بھی نیک کام کو کرنے کے لیے اخلاص کا ہونا بہت ضروری ہے جو عمل بغیر اخلاص کے کیاجائے اس کا کوئی اجر و ثواب نہیں ملتا۔ لہذا ہم رمضان کی آمد سے قبل ہی یہ نیت کریں کہ ہم خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے روزے رکھیں گے اور اس کی خوب عبادت کریں گے۔ 
ماہ مقدس سے پہلے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مناجات پیش کریں اور اپنے گناہوں سے معافی مانگیں اور آئندہ گناہوں سے بچنے کا عہد کریں۔ ابھی سے ہی قرآن مجید کی تلاوت کا معمول بنائیں اور کو شش کریں کہ ما ہ رمضان میں قرآن مجید کو بمع ترجمہ و تفسیر پڑھیں۔ ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی خود کو نوافل اور ذکر و اذکار کا عادی بنائیں تا کہ ہم ماہ مقدس میں مزید فرائض کے ساتھ ساتھ نفلی عبادت اور ذکر و اذکار میں مشغول ہو سکیں۔ ماہ مقدس کی آمد سے پہلے مناسب غذا کا استعمال کریں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں تا کہ ہم رمضان سے قبل یا ماہ مقدس میں بیمار نہ ہوں۔ اس بات کی نیت کریں کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے قیام اللیل کریں گے ، دل کھول کر صدقہ و خیرات کریں گے اور اگر اللہ تعالیٰ نے ہمت و توفیق دی تو ان شاء اللہ اعتکاف بھی بیٹھیں گے۔ اور ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کریں گے۔ اگر ہم آج ہی ان نیک اعمال کی نیت کر لیں تو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ثواب ملے گا۔ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے جو ہمیں اپنی زندگیوں کو سنوارنے اور آخرت کی تیاری کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس ماہ مقدس کا جتنا ہو سکے ادب و احترام کریں اور اسکی بابرکت ساعتوں سے بھرپور مستفید ہوں۔ اللہ پاک ہمیں ماہ مقدس کی برکتوں کو سمیٹنے کی تو فیق عطا فرمائے۔ آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2)

   سیدنا امام زین العابدین رضی اللہ عنہ(2) آپؓ کے اوصاف آپؓ کو رسول خدا ﷺ کے اوصاف سے عطا ہو ئے ہیں۔ آپؓ کا ضمیر اور عادات و خصائل سب پاک...