منگل، 25 فروری، 2025

صبح خیزی کی برکات

 

صبح خیزی کی برکات

صبح خیزی یعنی سورج طلوع ہونے سے پہلے جاگنے کی عادت نہ صر ف ہماری صحت کے لیے مفید ہے بلکہ اس سے بہت سارے روحانی ، ذہنی اورجسمانی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ جو لوگ صبح جلد اٹھ جاتے ہیں وہ دوسروں کی نسبت زیادہ چا ق و چوبند ، کامیاب اور خوشحال ہوتے ہیں۔ قرآن و حدیث میں بھی صبح جلدی جاگنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور اپنے رب کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح بیان کرو سورج کے طلوع ہونے سے پہلے اور غروب ہونے سے پہلے۔ (سورۃ طہٰ)۔قرآن مجید کی اس آیت مبارکہ کی روشنی میں صبح کے وقت عبات کرنا اور ذکر الٰہی میں مشغول ہونا نہایت موزوں عمل ہے۔ 
حضور نبی کریم ﷺنے بھی صبح جلدی جاگنے کی ترغیب دیتے ہوئے دعا فرمائی : اے اللہ میری امت کے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما (ابو دائود)۔
صبح جلدی اٹھنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں فجر کی نماز ادا کرنے کا موقع مل جاتا ہے اور دن کا آغاز اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں سے ہوتا ہے۔ نبی کریم ؐ کی احادیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ مجھے صبح کی دو سنتیں اس دنیا اور اس دنیا میں جو کچھ ہے سب سے زیادہ عزیز ہیں۔ صبح کے وقت اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مشغول ہونے سے دلوں کو سکون ملتا ہے اور بندہ دن بھر سکون اور اطمنان میں رہتا ہے۔ صبح جلدی جاگنے کے روحانی فوائد کے علاوہ بہت سارے جسمانی اور ذہنی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ صبح کی تازہ ہوا آلودگی سے پاک ہوتی ہے اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے۔ صبح جلد اٹھنے والے لوگ دل کی بیماریوں ، موٹاپے اور ذہنی دبائو سے محفوظ رہتے ہیں۔ دنیا کے تمام کامیاب لوگ صبح جلدی اٹھنے کو اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہیں اور جو صبح جلدی اٹھتے ہیں وہ لوگ زیادہ منظم ، کامیاب اور خوشحال زندگی گزارتے ہیں۔ صبح جلدی اٹھنے کے لیے ضروری ہے کہ رات کو جلدی سو جائیں۔ رات کو سونے سے پہلے موبائل اور ٹی وی کا استعمال کم کریں تا کہ رات کو بہتر طریقے سے نیند آسکے۔ فجر کی نماز کی پابندی کریں۔ اس طرح ہمیں صبح جلدی جاگنے کی عادت ہو جائے گی۔ صبح خیزی انسان کی زندگی میں برکت، کامیابی اور خوشحالی لاتی ہے۔ صبح جلدی اٹھنے سے نہ صرف روحانی فوائد حاصل ہوتے ہیں بلکہ بے شمارجسمانی اور ذہنی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم صبح جلدی اٹھنے کی عادت بنائیں تاکہ ہماری زندگی میں نظم و ضبط اور برکت پیدا ہوسکے اور ہم ایک صحت مند اور کامیاب زندگی گزار سکیں۔ 
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ارشاد فرماتی ہیں طلب معاش اور ضروریات کی تکمیل کیلئے صبح سویرے جلدی ااٹھو ، صبح خیزی برکت اور کامیابی ہے۔ (طبرانی معجم الاوسط)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں