سیدہ خدیجة الکبری کے فضائل و مناقب (۲)
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی جب حضور نبی کریم ﷺ سے شادی ہوئی اس وقت حضور نبی کریم ﷺ کی عمر مبارک 25 سال تھی اور جب تک حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا حضور نبی کریم ﷺ کی رفاقت میں تھیں آپ نے دوسری شادی نہیں اور یہ اعزاز کسی اور ام المومنین کو حاصل نہیں۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا مردوں میں بہت سے لوگ بلند مقام و مرتبہ پر پہنچے ہیں مگر خواتین میں اس کما ل و مرتبہ پر پہنچنے والی صرف تین ہی ہیں۔ مریم صدیقہ ، حضرت آسیہ فرعون کی بیوی اور حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔ اور آپ نے فرمایا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی دوسری عورتوں پر فضیلت ایسی ہے جیسے ثرید کی تمام کھانوں پر۔ (مسلم )۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں ایک مرتبہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی بہن حضرت ہالہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا حضور نبی کریمﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئیں اور اندر آنے کی اجازت طلب کی۔ ان کا اجازت طلب کرنے کا انداز حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے ملتا تھا۔ حضور نبی کریم ﷺ کو حضرت خدیجہ ؓ کا اجازت طلب کرنا یاد آگیا۔ آپ نے نہایت ہی محبت سے فرمایا میرے اللہ یہ تو ہالہ ہے اور پھر حضرت ہالہ کو اندر آنے کی اجازت عطا فرما دی۔(بخاری )۔
ایک مرتبہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی یارسول اللہ آپ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو اتنا کیوں یاد فرماتے ہیں تو آپ نے فرمایا :
اے عائشہ مجھے خدیجہ سے بہترین عورت نہیں ملی جب لوگوں نے میری نبوت کا انکار کیا تو انہوں نے صدق دل سے میری نبوت کا اقرار کیا۔ جب لوگوں نے مجھے جھٹلایا تو اس وقت خدیجہ ؓ نے دل کھول کر میری تصدیق کی۔ جب لوگوں نے میرے ساتھ مالی تعاون روک دیا تو اس وقت حضرت خدیجہ ؓ نے اپنا ما ل و دولت سب کچھ میرے اوپر قربان کر دیا۔ باقی بیویوں سے اللہ تعالیٰ نے مجھے اولاد کی نعمت عطا نہیں فرمائی لیکن حضرت خدیجہؓ سے اولاد کی نعمت عطا فرمائی۔ ( بخاری )۔
حضور نبی کریم ﷺ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی وجہ سے ان کی سہلیوں کا بھی احترام کرتے تھے۔ نبی کریم ﷺ جب کوئی بکری ذبح کرتے تو حضرت خدیجہ ؓ کی سہلیوں کے گھر بھی گوشت بھیجا کرتے تھے۔
اے ملیکة العرب حضرت خدیجہ السلام
سارے نبیوں کا آقا تیرا دولہا السلام
تیری عظمت کی گواہی دی ہے خود سرکار نے
سب خواتین جہان میں سب سے اعلی السلام
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں