جمعہ، 20 ستمبر، 2024

سیر ت النبی اور حقوق زوجین(۱)

 

سیر ت النبی اور حقوق زوجین(۱)

ارشاد باری تعالیٰ ہے :”اور اس کی آرزو نہ کرو جس سے اللہ نے تم میں ایک کو دوسرے پر بڑائی دی مردوں کے لیے ان کی کمائی کا حصہ ہے اور عورتوں کے لیے ان کی کمائی سے حصہ اور اللہ سے اس کا فضل مانگو بیشک اللہ سب کچھ جانتا ہے۔

( سورة النسا)۔
معاشرتی مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ میاں بیوی کے باہمی مسائل بھی ہیں جس کی وجہ سے اکثر گھروں کی خوشیاں ماند پڑی رہتی ہیں۔ لیکن اگر ہم ان مسائل کا حل حضور نبی کریم ﷺکی سیرت سے تلاش کریں تو یہ مسائل بالکل ختم ہو جائیں اور ہمارے گھر وں اور معاشرے میں خوشیاں پھیل جائیں۔ 
حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی تعلیمات اور عمل سے اس بات کو بخوبی واضح فرما دیا ہے کہ گھر کا سربراہ مرد ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :” مرد عورتوں کے کفیل ہیں اس لیے کہ اللہ نے ان میں ایک کو ایک دوسرے پر فضیلت دی اور اس لیے کہ مردوں نے ان پر اپنے مال خرچ کیے تو نیک بخت عورتیں ادب والیاں ہیں خاوند کے پیچھے حفاظت رکھتی ہیں جس طرح اللہ نے حفاظت کا حکم دیاہے۔( سور ةالنساء)۔
اللہ تعالیٰ نے مردوں کو عورتوں کا محافظ بنایا ہے۔ حضور نبی کریمﷺنے اس بات کی تاکید فرمائی ہے کہ عورتیں اپنے شوہروں کی اطاعت کریں کیونکہ جب کسی بھی جگہ سربراہ کی بات نہ مانی جائے تو وہاں کے معاملات بگڑ جاتے ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ کو یہ عمل بہت پسند ہیں کہ عورتیں اپنے خاوند کی اطاعت کریں۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا :”عورت جب پانچ وقت کی نماز پڑھے اور رمضان کے روزے رکھے اور اپنی عفت و عصمت کی حفاظت کرے اور شوہر کی اطاعت کرے تو جنت کے جس دروازے سے چاہے جنت میں داخل ہو جائے۔ (مشکاة المصابیح)۔
حضرت قیس بن سعد فرماتے ہیں کہ میں حیرہ گیا تو میں نے دیکھا کہ وہاں کے لوگ اپنے سردار کو سجدہ کر رہے ہیں میں نے سوچا کہ رسول خدا اس کے زیادہ حق دار ہیں میں نے واپس آ کر بارگاہ رسول میں حاضر ہو کر ساری بات بتائی تو آپ نے فرمایا :” ایسا نہ کرو اگر میں کسی کو سجدہ کرنے کا حکم دیتا تو میں عورتوں کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہروں کو سجدہ کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے مردوں کا عورتوں پر حق رکھا ہے۔“ (سنن ابی داﺅد )۔ یعنی کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو سجدہ کرنا جائز نہیں۔لیکن حقیقی اطاعت اللہ تعالی کی ہے اور عورت اپنے شوہر کی صرف اسی بات کو ماننے کی پابند ہوگی جو شریعت مطاہرہ کے مطابق ہو گی۔ کوئی بھی بات خلاف شریعت ہو گی تو عورت اس کو ماننے کی پابند نہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سیر ت النبی اور حقوق زوجین(۱)

  سیر ت النبی اور حقوق زوجین(۱) ارشاد باری تعالیٰ ہے :”اور اس کی آرزو نہ کرو جس سے اللہ نے تم میں ایک کو دوسرے پر بڑائی دی مردوں کے لیے ان ک...