جمعہ، 16 اگست، 2024

حضرت ام ایمن رضی اللہ تعالی عنہا (۱)

 

حضرت ام ایمن رضی اللہ تعالی عنہا (۱)

حضرت ام ایمن رضی اللہ تعالی عنہا کو اللہ تعالی نے کئی اعزازات سے نوازا ہے ۔ لیکن جس اعزاز پر آپؓ بہت زیادہ فخر محسوس کیا کرتی تھیں وہ یہ تھا کہ آپ آپ کو امی کہہ کر پکارا کرتے تھے کیونکہ حضور نبی کریمﷺ کی والدہ ماجدہ حضرت  آمنہؓ کی    وفات کے بعد حضرت ام ایمنؓ نے دل و جان سے حضور نبی کریمﷺ کی خدمت کی ۔ حضور نبی کریمﷺ اکثر انھیں دیکھ کر یہ فرمایا کرتے تھے کہ یہ میری ماں ہیں ۔ حضرت ام ایمنؓ کو حضور نبی کریمﷺ پر بہت زیادہ ناز تھا ۔ آپ اکثر حضرت ام ایمنؓ کے مکان پر تشریف لے جا یا کرتے تھے ۔ 
حضرت ام ایمنؓ کا نام برکتہ تھا اور والدکا نام ثعلبہ بن عمرو تھا جو حبش کے رہنے والے تھے ۔ ام ایمن ؓ حضور نبی کریمﷺ کی ولادت سے پہلے سن شعور کو پہنچ چکی تھیں ۔ حضورﷺ کے والد ماجد حضرت عبد اللہ کی کنیز تھیں جب حضرت عبد اللہ کا انتقال ہواتو حضرت آمنہ ؓکی خدمت میں مصروف ہو گئیں ۔ 
حضور نبی کریمﷺ کچھ برس حضرت حلیمہ سعدیہؓ کے پاس پرورش پاتے رہے پھر انھوں نے آپ کوحضرت آمنہ کے پاس واپس چھوڑ دیا ۔ کچھ عرصہ بعد حضرت آمنہ حضرت ام ایمن کوساتھ لے کر مدینہ منورہ تشریف لائیں ۔وہاں کچھ ماہ قیام کے بعد جب واپس مکہ جانے لگے تو راستے میں حضرت آمنہ اچانک بیمار ہو گئیں اور ان کا انتقال ہو گیا ۔ حضرت ام یمن ؓ کو اس کا بہت زیادہ صدمہ پہنچا ۔ حضرت ام ایمن نے حضرت آمنہ کو وہاں دفنایا اور حضور ﷺکو ساتھ لے کر مکہ تشریف لے آئیں ۔ 
حضورﷺ کے دادا جان حضرت عبد المطلب نے حضرت ام ایمن ؓکو حضور نبی کریمﷺ کی پرورش اورخدمت کی ذمہ داری سونپ دی ۔ جب حضور نبی کریمﷺ جوان ہوئے تو وراثت میں حضرت ام ایمن ؓ کنیز کے طور پر آپ کے حصہ میں آئی لیکن آپ نے انھیں آزاد کر دیا۔
حضرت ام ایمن ؓکے شوہر کا نام عبید بن زید تھا ۔ جب آپ ؓ کے شوہر کا انتقال ہو ا تو آپؓ اپنے بیٹے ایمن کو ساتھ لے کر حضور نبی کریمﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئیں ۔ آپ نے ہر طرح سے ان کی دلجوئی فرمائی ۔ ایک دن صحابہ کرام ؓ کے مجمع میں حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا اگر کوئی شخص جنتی عورت سے نکاح کرنا چاپتا ہے تو وہ ام ایمن ؓ سے نکاح کرے ۔ آپکا یہ فرمان سن کر آپ کے بہت پیارے صحابی حضرت زید بن حارثہ ؓنے حضرت ام ایمن ؓ سے نکاح کر لیا ۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں