ہفتہ، 20 جولائی، 2024

ارشادات امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ

 

ارشادات امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ

امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا شمار تاریخ اسلام کے عظیم رہبروں اور رہنمائوں میں ہوتا ہے۔ہو بھی کیوں نہ۔ آپکی تربیت اس گھرانے میں ہوئی جس جیسا گھرانہ پوری کائنات میں نہ تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا۔ آپ کے نانا جان امام الانبیاء ہیں ، آپ کے والد گرامی امام الا لیاء ہیں ، آپ کی والدہ ماجدہ سیدہ کائنات ہیں۔ جو ایسے عظیم گھرانے میں پلے بڑھے ہوں اور جن کی تربیت ان عظیم ہستیوں نے کی ہو تو ایسی ہستی کی سیرت و کردار قیامت تک کے آنے والے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ اور بہترین نمونہ ہی ہو گی۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ کے چند اقوال جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔آپ فرماتے ہیں۔ 
۱: جس کام کو پورا کرنے کی طاقت نہ ہو اسے اپنے ذمہ مت لو۔ ۲: اپنے فائدے اور اپنی ضروریات کے مطابق خرچ کرو اور اپنے کام سے زیادہ بدلے اور اجر کی کبھی توقع نہ رکھو۔ ۳: جس چیز کو تم نہ سمجھ سکتے ہو اور نہ حاصل کر سکتے ہو اس کے درپَے پہ نہ ہو۔۴: مْروت یہ ہے کہ تم اپنے وعدے کو پورا کرو۔ ۵:جلد بازی حماقت ہے اور یہ انسان کی بد ترین کمزوری ہے۔ صلہ رحمی ایک بڑی نعمت ہے جس میں یہ نہ ہو وہ انسان نہیں۔ ۷: بہترین سکون یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت پر خوش رہو۔ ۸: تین آدمی اللہ تعالی کے پڑوسی ہیں اول وہ جس کو فارغ وقت ملا ہو اور اس نے دو رکعت نفل پڑھے اور اپنے رب سے دعا کا طالب ہوا۔ دوسرا وہ جس نے مفلس ہونے کے باوجود  اپنی کمائی میں کوشش کی اور اپنے عیال کو خرچ بہم پہنچایا اسے رسول کریم ﷺ کی شفاعت نصیب ہو گی اور تیسرا وہ جس نے صرف اللہ تعالیٰ کے لیے دین اسلام قبول کیا اور آخری دم تک اس پر قائم رہا اسے جنت ملے گی۔ ۹: بردباری اور حلم انسان کی سیرت کو آراستہ کرتے ہیں۔ ۱۰: ذلیل اور بری ذہنیت کے لوگوں کی صحبت برائی کا مرکز ہے اور فاسق و فاجر لوگوں کی صحبت خود تمہاری سیرت کو مشکوک بنا دیتی ہے۔ ۱۱: بخیل ہمیشہ ذلیل ہوتا ہے۔ ۱۲: سب سے افضل صلہ رحمی یہ ہے کہ قطع تعلق کرنے والوں سے بھی صلہ رحمی کی جائے۔ ۱۳: امام اس وقت تک امام نہیں جب تک وہ آسمانی کتاب پر عمل نہ کرے۔ سختی کے ساتھ عدل نہ کرے اور انصاف کو دیانت داری کے ساتھ نہ برتے۔ ۱۴: سب سے زیادہ فیاض وہ ہے جو ایسے لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے جن سے اسے کوئی امید یا آسرا نہ ہو۔ ۱۵: بہترین مال وہ ہے جس سے عزت اور آبرو کو محفوظ رکھا جا سکے۔۱۶:تقوٰی اور نیکی سب سے بہتر زاد راہ ہیں۔ (خطبات امام حسین از ابن اثیر)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں