ہفتہ، 9 مارچ، 2024

فضیلت مسجد

 

فضیلت مسجد

ارشاد باری تعالی ہے : اللہ کی مساجد کو صرف وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان لاتے ہیں ۔ ( سورة التوبہ)
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس شخص نے اللہ تعالی کی رضا کے لیے مسجد بنائی اللہ تعالی اس کے لیے جنت میں محل بنائے گا ۔
حضورنبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : تم میں سے کوئی مسجد سے محبت رکھتا ہے اللہ تعالی اس سے محبت رکھتا ہے ۔نبی مکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص مسجد میں داخل ہو تو بیٹھنے سے پہلے دو رکعت نماز اداکرے۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : تم میں سے کوئی فرد جب تک جاءنماز پر رہتا ہے فرشتے اس کے لیے مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں اور کہتے ہیں اے اللہ ! اس پر سلامتی نازل فرما اے اللہ اس پر رحم فرما اور اے اللہ اسے بخش دے ۔ یہ دعائیں اس وقت تک جاری رہتی ہیں جب تک وہ کسی سے بات نہ کرے یا مسجد میں سے نکل نہ جائے ۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جب تم کسی ایسے آدمی کو دیکھو جو مسجد میں آنے کا عادی ہو تو اس شخص کے ایمان کی گواہی دو ۔ نبی آخرالزمان ﷺ نے ارشاد فرمایا : الہامی کتابوں میں موجود ہے کہ زمین پر مسجدیں میرا گھر ہیں اور ان کی تعمیروآبادی میں حصہ لینے والے میرے زائر ہیں پس خوشخبری ہے میرے اس بندے کے لیے جو اپنے گھر میں طہارت حاصل کر کے میرے گھر میں میری زیارت کو آتا ہے ۔ لہذا مجھ پر حق ہے کہ میں آنے والے زائر کو عزت و وقارعطا کروں ۔ مسجد میں بیٹھ کر دنیاوی باتیں کرنے سے منع فرمایا گیا ہے ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : آخر زمانہ میں میری امت کے کچھ ایسے لوگ ہوں گے جو مسجدوں میں آئیں گے اور گروہ بنا کر دنیاوی باتیں کرتے رہیں گے اور دنیاکی محبت کے قصے بیان کریں گے ان کے ساتھ نا بیٹھنا اللہ تعالی کو ان کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ 
حضرت سعید بن مسیب رضی اللہ تعالی عنہ کا قول ہے کہ جوشخص مسجد بیٹھا ہے گویا وہ اللہ کی مجلس میں بیٹھا ہے لہٰذا اسے چاہیے کہ بھلائی کے سوا کوئی اور بات نہیں کرے ۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ کا فرمان ہے جو شخص مسجد میں چراغ جلاتا ہے جب تک چراغ کی روشنی سے مسجد منور رہتی ہے عاملین عرش اور تمام فرشتے اس کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہیں ۔
حضرت انس بن مالک فرماتے ہیں زمین کا ہر وہ ٹکڑا جس پر نماز ادا کی جاتی ہے یا اللہ تعالی کا ذکر کیا جاتا ہے وہ اردگردکے تمام قطعات پر فخر کرتا ہے اور اوپر سے نیچے ساتویں زمین تک وہ مسرت شادمانی محسوس کرتا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں