اتوار، 31 مارچ، 2024

حضور ﷺ کی پیش گوئیاں

 

حضور ﷺ کی پیش گوئیاں

حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ ایک دن حضور نبی کریم ﷺ حضرت ام حرام ؓ کے گھر میں تشریف فرما تھے جب آپ ﷺ کی آنکھ کھلی تو آپ مسکرا رہے تھے ۔ حضرت ام حرام نے آپ ﷺ کو خوش ہوتے دیکھا تو خود بھی خوش ہو کر آپ ﷺ سے وجہ دریافت کی ۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا مجھے میری امت کے وہ غازی دکھائے گئے ہیں جو سمندر میں جہاد کے لیے سفر کریں گے اور وہ اپنے جہازوں پر ایسے بیٹھے ہوئے تھے جیسے باد شاہ تختوںپر بیٹھا ہوتا ہے ۔ ام حرام نے عرض کی میرے لیے دعا فرمائی اللہ مجھے بھی ان میں شام فرمائے ۔ آپ ﷺ پھر لیٹ گئے اور تھوڑ ی دیر بعد پھر مسکراتے ہو ئے بیدار ہوئے اور فرمایا مجھے میری امت کے دوسرے غازی جہازوں پر دکھائے گئے ہیں ۔ ام حرام نے پھر درخواست کی تو آپ ﷺ نے فرمایا نہیں تو پہلے لوگوں میں سے ہے۔اس پیش گوئی کی تکمیل حضرت امیر معاویہ ؓ کے دور میں ہوئی جب آپ کے حکم پر حضرت عبادہ بن صامتؓ بحری جہاد کو گئے اور ان کی زوجہ ام حرام بھی اپنے شوہر کے ہمراہ گئیں ۔ 
جب حضور نبی کریم ﷺ مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے مدینہ منورہ تشریف لا رہے تھے تو کفار نے آپ ﷺ کو پکڑنے پر سو اونٹ کا انعام رکھا ۔ سراقہ بن مالک نے آپ ﷺ کا پیچھا کیا تو قریب آ کر اس کے گھوڑے کے پاﺅں زمین میں دھنس گئے ۔ تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا اے سراقہ اس وقت تیرا کیا حال ہو گا جب تمہیں کسرٰ ی کے کنگن تیرے ہاتھوں میں ہوں گے ۔ پھر حضور نبی کریم ﷺکی یہ پیش گوئی بھی حرف بہ حرف سچ ثابت ہوئی ۔ 
حضرت سیدنا فاروق اعظم کے دور خلافت میں ایران فتح ہوا مال غنیمت میں شاہ ایران کسری کے کنگن آئے تو آپؓنے سراقہ بن مالک کو آواز دی اور سونے کے کنگن اس کے ہاتھوں میں پہنائے اور ارشاد فرمایا اے اللہ تیرا شکر ہے تو نے کسری بن ہرمز جو خود کو رب الناس کہلاتاتھا اس سے یہ کنگن چھین لیے اور سراقہ بن مالک کو پہنا دیے ۔ 
جنگ بدر میں حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی چھڑی ہاتھ میں پکڑی اور میدان جنگ کا جائزہ لینے چلے گئے کچھ صحابہ بھی حضور ﷺ کے ساتھ تھے ۔ آپ ﷺ میدان جنگ کا جائزہ لیتے ہوئے چھڑی سے نشان لگا رہے ہیں اور فرما رہے ہیں اس جگہ ابو جہل قتل ہو گا ، اس جگہ عتبہ قتل ہو گا ، پھر نشان لگایااور فرمایا اس جگہ شیبہ قتل ہو گا ۔ جب جنگ شروع ہوئی تو صحابہ کرام نے دیکھا کہ جس جگہ حضور نبی کریم ﷺ نے نشانات لگائے تھے کفار اسی جگہ ہی واصل جہنم ہو رہے تھے ۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں