پیر، 26 فروری، 2024

دوستی کے آداب(۱)

 

دوستی کے آداب(۱)

ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور مومن مرد اور مومن عورتیں آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ نیکی کاحکم دیتے ہیں اور برائی سے منع کرتے ہیں ، نماز قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃادا کرتے ہیں ، اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کرتے ہیں یہی ہیں وہ لوگ جن پر اللہ تعالیٰ عنقریب رحم فرمائے گا بیشک اللہ غالب حکمت والا ہے ۔( سورۃ التوبہ)
اچھے دوست مل جانا اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ۔ ایسا آدمی بڑا خوش نصیب ہے جس کو مخلص اور وفادار دوست مل جائیں ۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ غریب وہ نہیں جس کے پاس ما ل و دولت نہیں بلکہ غریب وہ ہے جس کے پاس اچھے اور مخلص دوست نہیں ۔اچھے اور مخلص دوست قسمت سے ملتے ہیں اور ان کی قدرکرنی چاہیے ۔ کسی بات پر اختلاف رائے کی وجہ سے انھیں ضائع نہیں کرنا چاہیے ۔
 حقیقی دوستی وہ ہے جس کی بنیاد محبت الٰہی اور اطاعت رسولﷺ ہو، یعنی کہ دوست اسے نہ بنایا جائے جس کے ساتھ کوئی اپنا مفادوابستہ ہو بلکہ دوست اسے بنایا جائے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت کرتا ہو ۔ اپنے ذاتی مفاد سے ہٹ کر جس دوستی کی بنیاد محبت الٰہی پر رکھی جائے ایسی دوستی اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہے ۔ 
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ ایک آدمی اپنے کسی بھائی کو ملنے کے لیے کسی بستی میں گیا ۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے راستے میں کسی فرشتے کو بٹھا دیا ۔ جب وہ بندہ اس فرشتے کے پاس پہنچا تو فرشتے نے اس سے کہا، کہاں جا رہے ہو؟ اس نے کہا، اس بستی میں میرا ایک بھائی رہتا ہے اسے ملنے جا رہا ہو ں ۔ فرشتے نے کہا کہ اس نے تم پر کوئی احسان کیا ہے جس کا تو اسے بدلہ دینے جا رہا ہے؟ اس نے کہا، نہیں، میں صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اس سے محبت کرتا ہو ں تو فرشتے نے کہا: میں تیری طرف اللہ تعالیٰ کا بھیجا گیا قاصد ہو ںکہ جیسے تو اللہ تعالیٰ کے لیے اس سے محبت کرتا ہے ایسے ہی اللہ تعالیٰ بھی تجھ سے محبت کرتا ہے ۔( مسند احمد ) 
دوستی اور محبت کی یہی وہ بنیاد ہے جس کے متعلق حضرت معاذ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضورﷺنے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میرے جلال کی وجہ سے ایک دوسرے کے لیے محبت کرنے والوںکے لیے نور کے ایسے منبر ہوں گے جن پر انبیاء اور شہدا بھی رشک کریں گے ۔ (ترمذی) اس سے مراد یہ ہی ہے کہ بندہ ذاتی مفاد سے ہٹ کر صرف اللہ کی رضا کے لیے دوستی کرے ۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں