ہفتہ، 17 فروری، 2024

نیکی کرنا بھی صدقہ ہے

 

نیکی کرنا بھی صدقہ ہے

حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: انسان پر ہر جوڑ کی طرف سے روزانہ صدقہ کرنا ضروری ہے ۔ دو آدمیوں کے درمیان انصاف کرنا صدقہ ہے۔ سواری کے بارے میں کسی سے تعاون کرنا یعنی سواری پر سوار کرنا یا کسی کا سامان لاد کر اس کی مدد کرناصدقہ ہے۔ اچھی بات صدقہ ہے ۔ جو قدم نماز کے لیے اٹھے گا صدقہ ہے۔ راستہ سے تکلیف دہ چیز کو ہٹا دینا بھی صدقہ ہے۔ ( صحیح بخاری )
صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نیکیوں کے حریص تھے اور اچھے کاموں میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔ ایک مرتبہ مالی لحاظ سے کمزور صحابہ کرام حضور نبی کریمﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کی، یارسول اللہﷺ ،اہل ثروت درجات اور نیکیوں میں ہم سے سبقت لے جاتے ہیں۔ وہ بھی نماز پڑھتے ہیں ہم بھی نماز پڑھتے ہیں۔ وہ بھی روزے رکھتے ہیں ہم بھی روزے رکھتے ہیں۔ البتہ مال دار ہونے کی وجہ سے وہ عبادات کے ساتھ ساتھ مالی صدقہ بھی کرتے ہیں جو ہم نہیں کر سکتے ۔
حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا: تمہیں ایک مرتبہ سبحان اللہ کہنے پر صدقے کا ثواب ملے گا، اللہ اکبر کہنے پر صدقے کا ثواب ملے گا، الحمد اللہ کہنے پر صدقے کا ثواب ملے گا۔ لا الہ الااللہ کہنے پر صدقے کا ثواب ملے گا اور نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے پر بھی صدقے کا ثواب ملے گا، یعنی جو بھی کام اچھی نیت کے ساتھ کیا جائے گا وہ صدقہ ہے ۔
حضرت ابو ذرؓ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: تیرا مسلمان بھائی سے خوش اخلاقی کے ساتھ ملنا صدقہ ہے ۔ تو امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کرے تو یہ بھی صدقہ ہے۔ 
کسی بھولے ہو ئے کو راستہ دکھانا بھی صدقہ ہے۔ راستے سے پتھر ، کانٹے اور ہڈی وغیرہ اٹھا دینا بھی صدقہ ہے۔ تمہارا اپنے ڈول سے کسی بھائی کے ڈول میں پانی ڈال دینا بھی صدقہ ہے۔ (ترمذی)
حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: انسان کا اپنے اہل و عیال پر خرچ کرنا بھی صدقہ ہے۔ (ترمذی)
حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: تمہارا اپنی ضرورت سے زائد خوراک سے کسی کمزور کی مدد کرنا بھی صدقہ ہے۔ (مسند احمد ) 
حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا: مسلمان جو چیز بھی کاشت کرے اس میں سے جو کچھ بھی کھایا جائے یا چوری ہو جائے یا اس میں سے درندے اور پرندے کھا جائیں یا اس کی وجہ سے اسے جو بھی تکلیف آئے وہ اس کے لیے صدقہ ہے۔ (بخاری شریف) 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں