ہفتہ، 16 دسمبر، 2023

تہجد کی فضیلت

 

تہجد کی فضیلت

فرائض کے بعد سب سے زیادہ فضیلت والی نماز تہجد ہے۔ رات کو اٹھ کر اللہ تعالی کی بارگاہ میں حاضری دینا یہ ایک ایسا عمل ہے جس کی وجہ سے انسان دنیا میں بڑے بڑے مرتبے حاصل کر لیتا ہے۔ رات کی تنہائی میں بندہ راحت اور آرام کو چھوڑ کر سردی اور گرمی کی شدت برداشت کر کے وضو کر کے جب بندہ اللہ تعالی کی بارگاہ اقدس میں حاضرہوتا ہے تو وہ اللہ تعالی کا قرب تلاش کرتا ہے اور اللہ تعالی کی رحمت جوش میں آتی ہے اور وہ اپنے بندوں کو اپنے قرب ولطف سے مالا مال فرما دیتا ہے نماز تہجد پڑھنے سے دل کو سکون میسر آتا ہے دعائیں قبول ہوتی ہیں اور چہرہ منور ہو جاتا ہے۔ 
حضرت حسن بصریرحمۃ اللہ تعالی علیہ سے پوچھا گیا کہ تہجد پڑھنے والوں کا چہرہ اتنا حسین کیوں ہوتا ہے۔ آپ نے فرمایا جب وہ اپنے رب کے ساتھ خلوت اختیار کرتے ہیں تو اللہ تعالی ان پر اپنے نور کا لباس چڑھا دیتا ہے۔رات کو اٹھ کر اللہ تعالی کی بار گاہ میں حاضری دینا اللہ تعالی کے خاص بندوں کا عمل ہے۔ 
ارشاد باری تعالی ہے :’’ ان کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں خواب گاہوں سے اور اپنے رب کو پکارتے ہیں ڈرتے اور امیدکرتے اور ہمارے دیے ہوئے سے کچھ خیرات کرتے ہیں تو کسی جی کو نہیں معلوم جو آنکھ کی ٹھنڈک ان کے لیے چھپارکھی ہے صلہ ان کے کاموں کا۔( سورۃ سجدہ)۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا : 
رمضان شریف کے بعد سب سے افضل روزے اللہ کے مہینہ محرم کے ہیں اور فرضوں کے بعد سب سے افضل نماز تہجد کی نماز ہے۔ (مسلم شریف )۔
 حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جنت میں ایک بالا خانہ ہے جس کا باہر اندر سے اور اندر باہر سے نظر آتا ہے۔ 
حضرت ابو مالک اشعری رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کی یا رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ کس کے لیے ہو گا۔ آپؐنے فرمایا جو پا کیزہ گفتگو کرے اور (محتاجوں ) کو کھانا کھلائے اور کھڑے ہو کر عبادت میں رات گزارے جبکہ باقی لوگ سو رہے ہوں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : قیامت کے دن شب بیداری کرنے والوں کی سواریاں براق ہوں گی اور ان کی رنگت یاقوت سرخ کی مانند ہو گی۔ اہل محشر پوچھیں گے باری تعالی یہ کون لوگ ہیں۔ حکم ہو گا یہ وہی لوگ ہیں جو راتوں کو نیندچھوڑ کر میری عبادت میں مصروف رہتے تھے جبکہ تم لوگ سوتے تھے۔ یہ میرے محبوب ہیں یہ میرے محبوب ہیں۔(انیس الواعظین)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...