جمعرات، 14 دسمبر، 2023

اللہ تعالی کی نعمتیں (۲)

 

 اللہ تعالی کی نعمتیں (۲) 

اور بے شک تمھارے لیے چوپایوں میں بھی عبرت ہے کہ ان کے پیٹوں میں جو گوبر اور لہو ہے اس سے ہم تم کو خا لص دودھ پلاتے ہیں جو پینے والوں کے لیے خوشگوار ہے۔ اور کھجور اور انگور کے پھلوں میں سے کہ اس سے تم نبیذ بناتے ہو اور اچھا رزق۔ بے شک اس میں نشانی ہے عقل والوں کے لیے۔ اور تمھارے رب نے شہد کی مکھیوں کوحکم دیا کہ پہاڑوں میں گھر بناؤ اور درختوں میں اور چھتوں میں۔ پھر ہر قسم کے پھل میں سے کھاؤ اور اپنے رب کی راہیں چلو کہ تمھارے لیے نر م و آسان ہیں۔ اس کے پیٹ سے ایک پینے کی چیز رنگ برنگی نکلتی ہے جس میں لوگوں کی تندرستی ہے۔ بیشک اس میں نشانی ہے سوچنے والوں کے لیے۔ (سورۃ النحل )۔
اور خدا ہی نے تمھارے لیے عورتیں پیدا کیں اور عورتوں سے بیٹے اور پوتے اور نواسے پیدا کیے اور تمھیں ستھری چیزوں سے روزی دی تو کیا جھوٹی بات پر یقین لاتے ہیں اور اللہ کے فضل سے منکر ہوتے ہیں۔( سورۃ النحل ) 
اور اللہ نے تمھیں تمھاری ماؤں کے پیٹ سے پیدا کیا کہ تم کچھ نہیں جانتے تھے اور تمھیں کان اور آنکھ اور دل دیے کہ تم احسان مانو۔ کیا انھوں نے پرندے نہ دیکھے حکم کے باندھے۔ آسمان کی فضا میں انھیں کوئی نہیں روکتا سوائے خدا کے۔ بے شک اس میں نشانیاں ہیں ایمان والوں کے لیے۔ اور اللہ نے تمھارے لیے گھروں کو رہنے کی جگہ بنایا اور اسی نے چوپایوں کی کھالوں سے کچھ گھر بنائے جو تمھیں ہلکے پڑتے ہیں تمھارے سفر کے دن اور منزلوں پر ٹھہرنے کے دن اور ان کی اون اور ریشم اور بالوں سے کچھ گرستی کا سامان اور برتنے کی چیزیں ایک وقت تک۔ (سورۃ النحل )
اور اللہ نے تمھیں اپنی بنائی ہوئی چیزوں سے سائے دیے اور تمھارے لیے پہاڑوں میں چھپنے کی جگہ بنائی اور تمھارے لیے کچھ پہناوے بنائے کہ تمھیں گرمی سے بچائیں اور کچھ پہناوے کہ لڑائی میں تمھاری حفاظت کریں۔ اللہ یونہی اپنی نعمت تم پر پوری کرتا ہے کہ تم فرمان مانو۔ پھر اگر وہ منہ پھیریں تو اے محبوب تم پر نہیں مگر صاف پہنچا دینا۔ اللہ کی نعمت کو پہنچاتے ہیں پھر اس سے منکر ہوتے ہیں اور ان میں اکثر کافر ہیں۔ (سورۃ النحل)
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ خدا نے آسمان سے مینہ برسایا تو ہم نے اس سے طرح طرح کے رنگوں کے میوے اگائے۔اور پہاڑوں میں سفید اور سرخ رنگوں کے قطعات ہیں اور کچھ کالے سیاہ ہیں۔ ( سورۃ فاطر )
کیا ہم نے زمین کو بچھونانہیں بنایا ؟ اور پہاڑوں کو میخیں ؟ اور تمھیں جوڑے بنایا۔ اور نیند کو تمھارے لیے موجب آرام بنایا۔ اور رات کو مقرر کیا اور دن کو معاش کا وقت مقر ر کیا۔(سورۃ النبا)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں