منگل، 28 نومبر، 2023

اسلام اور ہم

 

اسلام اور ہم 

آج اس دور میں کچھ لوگ ا پنے مسائل اور پریشانیوں کا حل تلاش کرنے کے لیے مختلف لوگوں کی کتابیں پڑھتے ہیں اور ان کے اقوال سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن بطور مسلمان اللہ کے فضل اور اس کی عنایت سے ہمارا ماننا یہ ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کا اعلان آپ نے خطبہ حجة الوداع میں فرمایا : ” آج کے دن میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور اسلام کو بطور دین تمہارے لیے پسند فرمایا “۔
اگر ہمارے پاس احکام الٰہی اور حضور نبی کریم ﷺکی تعلیمات موجود ہیں تو ہم دوسرے لوگوں کی کتب پڑھ کر زندگی میں کیوں کامیابی تلاش کریں۔ ہمیں قرآن مجید اور حضور ﷺکی تعلیمات میں زندگی کے تمام معاملات میں رہنمائی ملتی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیوں کو حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں تو ہماری دینی اور دنیوی زندگی میں انقلاب پیدا ہو جائے۔
 آج بد قسمتی سے ہم نے سرکار دو عالم ﷺکی تعلیمات کو صرف دینی اور اخروی زندگی تک محدود کر دیا ہے اور دنیا اور دین کو الگ الگ چیز سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ دوسرے مذاہب اور اسلام میں یہ ہی فرق ہے کہ دوسرے مذاہب اپنے ماننے والوں کی مکمل رہنمائی نہیں کرتے لیکن اسلام ایک ایسا دین ہے جس میں انسانی زندگی کے تمام معاملات میں چاہے وہ معاشرتی ہوں یا پھر معاشی ہر طرح کی رہنمائی موجو دہے۔ آج ہم مختلف مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی زندگیوں کو پوری طرح اسلام کے سانچے میں نہیں ڈھالا۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے :
” دین میں پورے پورے داخل ہو جاؤ“۔ مطلب یہ ہے کہ اپنی زندگی کو دینی اور دنیوی طور پر مکمل احکام الٰہی اور سیر ت نبوی ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں تو ہم زندگی میں پیش آنے والی تمام مشکلات سے نکل آئیں گے۔ علامہ محمد اقبال علیہ الرحمہ بھی اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ آج دنیا میں مسلمانوں کی ذلیل و رسوا ہونے کی وجہ قرآن پاک سے دوری ہے۔ وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر، اورہم خوا ر ہوئے تارک قرآں ہو کر۔
آج ہم مالی اور معاشی لحاظ سے بہت زیادہ پریشان ہیں۔ اگر ہم اپنے معاشی مسائل کا حل احکام الٰہی اور تعلیمات نبوی ﷺمیں تلاش کریں گے تو ہم معاشی لحاظ سے بہت بہتر ہو جائینگے۔ اسلام ہمیں محنت کرنے ، میانہ روی اختیار کرنے اور سادگی کے ساتھ زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اللہ تعالی ارشادفرماتا ہے : انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں