جمعہ، 24 نومبر، 2023

مومن اور متقی لوگوں کی صفات(۱)

 

مومن اور متقی لوگوں کی صفات(۱)

اللہ تعالی اپنے محبوب اوربرگزیدہ بندوں کی صفات قرآن مجید میں بیان فرماتا ہے ۔ اور اللہ کے محبوب بندوں کو جو جو انعا م و اکرام ملیں گے اس کی خوشخبری بھی سناتا ہے ۔ ارشادباری تعالی ہے :
الم۔ یہ کتاب ( قرآن مجید ) اس میں کچھ شک نہیں ( کہ کلام خدا ہے ، خدا سے ) ڈرنے والوں کی رہنما ہے ۔ جو غیب پر ایمان لاتے اور آداب کے ساتھ نماز پڑھتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو عطا کیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں ۔ اور جو کتاب اے محمد (ﷺ) آپ پر نازل ہوئی اور جو کتابیں آپ سے پہلے نازل ہوئیں سب پر ایمان لاتے اور آخرت کا یقین رکھتے ہیں ۔ یہی لوگ اپنے پروردگار کی طرف سے ہدایت پر ہیں اور یہی نجات پانے والے ہیں ۔ (سورة البقرة ) 
لیکن جو ایمان والے ہیں وہ تو خدا ہی کے سب سے زیادہ دوست ہیں اور کاش ظالم لوگ جو بات عذاب کے وقت دیکھیں گے اب دیکھ لیتے کہ سب طرح کی طاقت خدا ہی کوہے اور یہ کہ خدا سخت عذاب دینے والا ہے ۔(سورة البقرة ) 
جو خدا سے التجا کرتے ہیں کہ اے پروردگار ہم ایمان لے آئے سو ہمارے گناہ معاف فرما اور دوزخ کے عذاب سے محفوظ رکھ ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو مشکلات میں صبر کرتے اور سچ بولتے اور عبادت میں لگے رہتے اور اللہ کی راہ میں خرچ کرتے اور اوقات سحر میں گناہو ں کی معافی مانگا کرتے ہیں ۔ ( سورة آل عمران ) 
 اور دوڑو اپنے رب کی بخشش اور ایسی جنت کی طرف جس کی چوڑائی میں سب زمین و آسمان آ جائیں پرہیز گاروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ وہ جو اللہ تعالی کی راہ میں خرچ کرتے ہیں خوشی اور غمی میں اور غصہ پینے والے اور لوگوں سے درگزر کرنے والے اور نیک لوگ اللہ کے محبوب ہیں ۔ اور وہ کہ جب کوئی بے حیائی یا اپنی جانوں پر ظلم کریں اللہ کو یاد کر کے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور اللہ تعالی کے سوا کون گناہ بخش سکتا ہے اور جان بوجھ کر اپنے کیے پر اڑے نہیں رہتے ۔ ( سورة آل عمران ) 
مومن تو وہ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان کے دل ڈر جاتے ہیں اور جب انھیں ا س کی آیتیں پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو ان کا ایمان اور بڑھ جاتا ہے اور وہ اپنے پروردگار پر بھروسا رکھتے ہیں ۔ اور وہ نماز پڑھتے ہیں اور جو مال ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے ( نیک کاموں ) میں خرچ کرتے ہیں ۔ یہی سچے مومن ہیں اور ان کے لیے پروردگار کے ہاں بڑے بڑے درجے اور بخشش اور عزت کی روزی ہے ۔ (سورة الانفال ) 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں