پیر، 30 اکتوبر، 2023

مشکلات آنے کی وجوہات(۱)


 

 مشکلات آنے کی وجوہات(۱) 

زندگی میں ہر انسان کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ہر انسان کی مشکلات مختلف نوعیت کی ہوتی ہیں ۔سورة البلد میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ” یقینا ہم نے انسان کو مشقت میں پیدا کیا“۔اما م نسفی تفسیر المدارک میں لکھتے ہیں کہ انسان کی تخلیق ہی مشقت میں ہوئی وہ دنیا کے مصائب بھی اٹھا تا ہے اور آخرت کی شدتیں بھی سہے گا ۔ آخرت کی مشکلات تو انسان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہوں گی لیکن دنیا کی مشکلات کبھی انسان کی اپنی پیدا کردہ ہوتی ہیں اور کبھی اللہ تعالی کا عذاب ہوتی ہیں۔ اور کبھی مشکلات کے ذریعے انسان کی آزمائش ہوتی ہیں اگر انسان اس پر صبر کریں تو اس کے گناہوں کا کفارہ بن جاتی ہیں اور اس کے درجات کی بلندی کا سبب بنتی ہیں ۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے : 
” تمہیں اچھے اور بر ے حالات سے آزماتے ہیں اور تم ہماری طرف ہی لوٹا ئے جا ﺅ گے “۔ ( سورة الانبیائ)اس آیت سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ مشکلات اللہ تعالی کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں ۔ سورة البقرة میں اللہ تعالی فرماتا ہے : ” اور لازمی طور پر ہم تمہیں آزمائیں گے کبھی کسی قدر خوف اور فاقہ میں مبتلا کر کے اور کبھی جان و مال اور پھلوں میں خسارہ کر کے اور صبر کرنے والوں کو بشارت دے دیجیے ۔“۔
سورة العنکبوت میں اللہ تعالی ایک بستی کا ذکر کرتے ہو ئے فرماتا ہے کہ اس بستی کے لوگ بڑے خوش حال تھے اور ان کے پاس رزق بھی بہت زیادہ تھا لیکن جب انہوں نے اللہ تعالی کی نعمتوں کی نا شکری کی تو اللہ تعالی نے انہیں بھوک اور خوف کا لباس پہنا دیا ۔ ” تو ہم نے ان سب کو گناہوں کی وجہ سے پکڑ لیا تو ان میں سے کچھ وہ تھے جن پر ہم نے پتھراﺅ کرنے والی ہوا بھیجی اور ان میں کچھ وہ تھے جنہیں ایک چنگھاڑ نے آن پکڑا اور کچھ وہ تھے جنہیں ہم نے زمین میں دھنسا دیا اور کچھ وہ تھے جنہیں ہم نے پانی میں غرق کر دیا اور اللہ کی یہ شان نہیں کہ وہ ان پر ظلم کرے لیکن یہ لوگ خود اپنی جانوں پر ظلم کرنے والے ہیں ۔ 
ایک اور مقام پر اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : ” لوگوں کے کرتوتوں کے سبب خشکی اور تری میں فساد پھیل گیاتا کہ اللہ تعالی انہیں ان کے کچھ کرتوتوں کا مزہ چکھائے شاید وہ با ز آجائیں “۔ ( سورة الروم ) 
قرآن مجید کے مندرجہ بالا ارشادات کی روشنی سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ بعض اوقات مشکلات انسان کی اپنی غلطیوں اور نافرمانیوں کی وجہ سے آتی ہیں اور بعض اوقات یہ مشکلات اللہ تعالی کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں ۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں