اتوار، 22 اکتوبر، 2023

اسلام اور تجارت(۱)

 

اسلام اور تجارت(۱)

 تا جر کسی بھی معاشرے کا اہم جزو ہے۔ اگر تاجر فرض شناس ، امانت دار اور خدا ترس ہو تو معاشرہ سلامتی اور سکون کی فضا میں رہتا ہے۔ اور اگر تا جربد دیانت، ملاوٹ کرنے والا ہو تو معاشرے کے لوگ بھی ذلیل وخوار ہوتے ہیں۔اگر تاجر ایمانداری سے تجارت کریں تو نہ صرف ان کے رزق حلال میں برکت پڑتی ہے بلکہ ایسی تجارت عبادت بن جاتی ہے۔ 
حضور نبی کریم ﷺ تجارت کی غرض سے حضرت ابو طالب کے ساتھ شام تشریف لے گئے۔ آپ نے تجارت کے سلسلہ میں یمن ، بحرین اور اردن کا سفر بھی کیا۔ آپ کی تجارت میں امانتداری بے مثال تھی۔ آپ کی امانتداری سے متاثر ہو کر حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا نے آپ کو اپنی تجارت میں شریک فرمایا۔ آپ ان کا سامان لے کر شام کی طرف گئے اور اپنی ا مانتداری ، صاف گوئی ، اپنے لہجے ، اعتماد اور تجارتی اصولوں کی وجہ سے دوگنا نفع کمایا۔ 
صحابی رسول حضرت سائب رضی اللہ تعالی عنہ جب مسلمان ہو کر مدینہ منورہ تشریف لائے تو لوگوں نے ان کی تعریف کی تو آپ نے فرمایا کہ مجھے ان کے متعلق نہ بتاﺅ۔ زمانہ جاہلیت میں یہ میرے شریک تاجر تھے حضرت سائب نے عرض کیا : یارسول اللہ آپ میرے شریک تھے اور کتنے اچھے شریک تھے۔ آپ نہ کسی سے الجھتے تھے نہ کسی کو دھوکہ دیتے تھے تو رسول کریم ﷺ نے فرمایا : زمانہ جاہلیت کی طرح اب بھی اخلاق کو ہمیشہ اپنائے رکھنا اور انہیں اسلام میں بھی بجا لانا اور یتیم سے حسن سلوک کرنا ، مہمان کی خدمت کرنا اور پڑوسی کا احترام کرنا۔ 
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تاجر پر لازمی ہے کہ وہ امانت اور دیانت کا دامن کبھی نہ چھوڑے۔ آپ نے فرمایا کہ اگر تا جر خدا ترسی چھوڑ دے گا تو قیامت کے دن فاجروں میں اٹھا یا جائے گا۔ ایک مرتبہ حضور عید گاہ کی طرف تشریف لے کر جا رہے تھے تو راستے میں دیکھا کہ لوگ تجارت میں مشغول ہیں۔ آپ نے فرمایا : اے تاجروں کے گروہ میری بات غور سے سنو۔ آپ کی بات سن کر تاجرآپ کی طرف متوجہ ہوئے۔ آپ نے فرمایا : بیشک قیامت کے دن تاجر فاجروں میں اٹھائے جائیں گے سوائے اس کے جس نے تقوی اختیار کیا ، نیکی کی اور سچ بولا۔ ( ترمذی )۔
حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اگر تاجر خدا ترسی اختیار کرے اور سچ بولے تو ایسا تاجر قیامت کے دن نیکو کاروں میں اٹھا یا جائے گا۔ آپ نے فرمایا : کہ سچا اور امانتدار تاجر قیامت کے دن انبیا ئکرام علیہم السلام ، صدیقین اور شہدا کے ساتھ اٹھا یا جائے گا۔ (المعجم الاوسط للطبرانی )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ناموس رسالت قرآن کی روشنی میں

  ناموس رسالت قرآن کی روشنی میں نبی کریم رئوف الرحیم ﷺ کی عزت و تکریم کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض اور ایمان کی بنیاد ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے...