جمعہ، 14 جولائی، 2023

پیروی اسوہ رسول ﷺ


 

پیروی اسوہ رسول ﷺ

    قرآن مجید میں ارشاد باری تعالی ہے ’’ لوگو ! تم سب کے لیے اللہ کے رسول ﷺ کی زندگی میں ایک بہترین نمونہ ہے۔‘‘احادیث نبوی ؐ کا مطالعہ کرنے والے جانتے ہیں کہ انسانی زندگی سے متعلق چھوٹا بڑا کوئی ایسا معاملہ اور پہلو نہیں جس میں آپؐ نے انسانوں کے لیے عملی نمونہ یا ہدایات نہ چھوڑی ہو ں۔ حدیث اور فقہ کی کتابیں بتاتی ہیں کہ غسل و طہارت کے طبعی معاملات سے لیکر خوشی غم ، شادی بیاہ ، اہل و عیال ، کارو بار تجارت ، لین دین ، دفتری اور انتظامی اور ، جنگ و صلح ، تعلیم و تعلم منبر و محراب ، عبادت ذکر ، معاشی ، معاشرتی سماجی، سیاسی ، دوستی دشمنی حتی کہ جہانبانی اور حکومت و اقتدار کے تمام معاملات میں ایک مثالی نمونہ اور واضح ہدایات چھوڑی ہیں۔ کوئی آدمی بیٹا ہے ، باپ ہے ، بھائی ہے ، دوست ہے ، پڑوسی ہے ، کسی کا ہمسفر ہے ،امام ہے حاکم ہے محکوم ہے۔ مرشد ہے ، بوریا نشین ہے ، جلوت نشین ہے۔ غرض کچھ ہے اس کے لیے اللہ کے رسول ﷺ نے ایسا کامیاب نمونہ چھوڑا ہے جس پر وہ چل کر دنیا میں آرا م سکون ، اطمینان ، عزت و احترام ، محبت ، عقیدت جیسی انمول دولت حاصل کر سکتا ہے۔اور آخرت میں بھی دائمی فوزو فلاح پا سکتا ہے۔ خواتین میں جو خاتون بیٹی ، بیوی بہن ، ماں ، پڑوسن ، معلم یا متعلم ہے اس کے لیے رسول ﷺ نے سیدہ فاطمۃ الزہرہ ، حضرت سیدہ خدیجۃ الکبر ی اور حضرت سیدہ عائشہ اور دوسری بنات طاہرات اور عفت مآب ازواج مطہرات و صحابیات کی شکل میں ایک مثالی نمونہ بنا دیا ہے۔نبی اکرمﷺ کی رحمۃ اللعالمین ذات سارے انسانوں کے ساتھ با لعموم اور اپنے ماننے والوں کے ساتھ با لخصوص جو ہمدردی،  خیر خواہی ،غمخواری اور درجہ شفقت و رحمت ہے اس کی نظیر پوری تاریخ انسانیت میں نہیں ملتی۔ یہ محض لفاظی یا عقیدت پر مبنی چیز نہیں بلکہ یہ وہ چیز ہے جس کے دوست اور دشمن سب قائل ہیں۔ جس کا تاریخ اقرار کرتی ہے اور جس کی گواہی خود خالق کائنات نے دی ہے۔
 سورۃ توبہ میں ارشاد باری تعالی ہے ’’لوگو ں تمہارے پاس وہ عظیم الشان رسول ﷺ تشریف لایا ہے جو تمہی میں سے ہے۔ جس پر تمہارا مشقت میں پڑنا انتہائی گراں گزرتا ہے۔ جو تمہاری خیر خواہی کا طالب ہے اور جو سارے مومنوں پر انتہائی شفقت و محبت فرمانے والا ہے ‘‘ تھوڑی دیر کے لیے ایمانی و دینی تقاضا سے ہٹ کر اگر خالصتا دنیوی اور مادی نقطہ نظر سے بھی دیکھا جائے اور تاریخ اسلامی پر نظر ڈالی جائے توشواہد یہ ہی بتاتے ہیں کہ دنیوی و اخروی سعادتوں اور فوزو فلاح کے حصول کے لیے اسوہ رسول ﷺکی پیروی ضروری ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں