بدھ، 12 جولائی، 2023

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ(۱)

 

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ(۱) 

رسول پاک ﷺ کے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین بڑی شان و مرتبت والے ہیں جن کو ظاہری زندگی میں نبی کریم ﷺ کا دیدار اور صحبت نصیب ہوئی ۔ ان خوش نصیب ہستیوں میں جلیل القدر صحابی خلیفہ ثالث امیر المﺅ منین خلیفة المسلمین حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ بھی ہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ عام الفیل کے چھ سال بعد پیدا ہوئے ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ کو ابتدا اسلام میں ایمان کا شرف نصیب ہوا ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ کی ترغیب سے دین اسلام میں داخل ہوئے ۔ قبول اسلام کے بعد مشرکین مکہ کی طرف سے اذیتوں اور تکلیفوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ خصو صاً آپ کے چچا حکم بن الفاص کی مسلسل اذیتوں کا نشانہ بننا پڑا ۔ شدید گرمی میں رسیوں سے باندھ کر بے دردی سے مارا پیٹا جاتا لیکن آپ ہر دکھ مصیبت اور اذیت کے بعد بھی دین اسلام پر قائم رہے ۔ اور کہا 

اگر مجھے جان سے بھی مار ڈالو تو بھی میں نبی کریم ﷺ کا دامن نہیں چھو ڑو گا ۔ آپ کی نانی حضور ﷺ کے والد ماجد کی حقیقی بہین تھیں اس طرح حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ رسول پاک ﷺ کی پھوپھی زاد بہن کے بیٹے تھے ۔ اللہ کے پیارے حبیب ﷺ کی دو صاحبزادیاں حضرت رقیہ اور حضرت ام کلثوم رضی اللہ تعالی عنھا یکے بعد دیگرے آپ کے نکاح میں آئیں اور آپ کا شرف کہ آپ ذوالنورین کہلائے ۔

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ عشرہ مبشر یعنی وہ دس صحابہ کرام جن کو نبی کریم ﷺ نے جنت کی بشارت دی میں شامل ہیں ۔ آپ رضی اللہ تعالی عنہ کو یہ بھی شرف حاصل ہے کہ آپ کو دو مرتبہ جنت کی بشارت دی گئی ۔ ایک مرتبہ غزوہ تبوک میں مجاہدین اسلام کی مدد کر نے پر اور دوسری مرتبہ بئر رومہ خرید کر مدینہ منورہ کے اہل اسلام کے لیے وقف کرنے پر ۔ مدینہ منورہ میں پینے کے میٹھے اور صاف پانی کا حصول مشکل تھا بئر رومہ میٹھے پانی کا کنواں تھا جس کا مالک یہودی تھا جو مسلمانوں کو پانی زیادہ قیمت پر دیتا تھا اور تنگ بھی کرتا تھا ۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرما یا کون ہے جو یہ کنواں خرید کر مسلمانوں کے لیے وقف کر دے ۔ 

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ نے یہ کنواں خرید کر وقف کر دیا ۔ اب اس کنویں سے مسلمانوں کے ساتھ یہودی اور مدینہ منورہ کے رہنے والے بغیر قیمت ادا کیے پانی لے سکتے تھے ۔حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا : کہ ہر نبی کا جنت میں ایک رفیق ہو گا اور میرے رفیق عثمان ہیں “۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا حضرت عثمان غنی حیا والے ہیں اور فرشتے بھی ان سے حیا کرتے ہیں “۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں