حضرت سیدہ فاطمہ الزہرہ رضی اللہ تعالی عنہا (1)
سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا حضورنبی اکرمﷺ کی لخت جگر،حضرت علی شیرخدارضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زوجہ، حسنین کریمین کی والدہ ماجدہ اور تمام جنتی عورتوں کی سردار ہیں اللہ تعالیٰ نے اولاد رسول ﷺ کا نورانی سلسلہ آپ ہی سے جاری فرمایا۔نبی اکرم ﷺ نے فرمایا بیشک فاطمہ پاک ہے اللہ نے اس کی اولاد کو دوزخ سے آزاد کیا ہے حضرت جمیع بن عمیر ؓ تیمی سے روایت کرتے ہیں کہ میں اپنی پھوپھی کے ساتھ حضرت سیدہ عائشہ ؓ کی خدمت میں حاضر ہوا تو میں نے پوچھا رسول اللہ ﷺ کو سب سے زیادہ محبوب کون تھا؟تو حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا فاطمہ ؓ پھر میں نے عرض کی مردوں میں کون سب سے زیادہ تھا؟ توحضرت عائشہؓ نے فرمایا انکے شوہر حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔حضرت عبداللہ بن عمر ؓ فرماتے ہیں نبی اکرمﷺ جب سفر کیلئے باہر تشریف لے جاتے اور جب سفر سے واپس تشریف لاتے تو سب سے پہلے حضرت فاطمہ سے ملاقات فرماتے۔سیدہ عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ نبی اکرمﷺ نے وصال فرمانے سے پہلے آخری دنوں میں حضرت فاطمہ کے کانوں میں کچھ راز کی باتیں کہیں جس کو سن کر آپ رونے لگیں پھر تھوڑی دیر بعد حضرت سیدہ فاطمہ ؓ مسکرا پڑیں،توحضرت فاطمہؓ سے پوچھا گیاکہ آپکے رونے کی کیا وجہ تھی تو آپ نے فرمایاحضو ر ﷺ کے وصال کی خبر سن کر رونے لگی اور مسکرانے کی وجہ دریافت کرنے پر سیدہؓ نے فرمایاآقائے کائناتﷺ نے فرمایا اے فاطمہ کیا تم اس بات پر راضی نہیں تمام جنتی عورتوں کی سردار تم ہویا تمام مومن عورتوں کی سردار تم ہو۔ایک روایت میں ہے کہ آپ سے مسکرانے کی وجہ پوچھی گئی تو آپ نے فرمایا حضور ﷺ نے مجھے خبر دی کہ میں ان کے گھر والوں میں پہلی ہوں گی جو آپکے پاس پہنچوں گی۔دوسری روایت میں ہے سیدہ عائشہ ؓ نے فرمایا حضرت فاطمہؓ نے عرض کی اے اباجان حضرت مر یم ؑکا کیا مقام ہے؟توحضور ﷺ نے فرمایاوہ اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار ہیں۔نیزنبی اکرمﷺ فرمایا حضرت مریم بنت عمران والدہ حضرت عیسیٰؑ ،حضرت آسیہ بنت مزاحم (فرعون کی بیوی)حضرت خدیجہؓ اور حضرت فاطمہ بنت محمدﷺ ان میں سب سے زیادہ افضل فاطمہ بنت محمدﷺ ہیں ہر اعتبار سے یہ حقیقت ہے کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنھاحضرت مریم ؑ اورحضرت آسیہ ؓ سے افضل ہیں۔ بقول علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ تعالی علیہ
مریم از یک نسبت عیسیٰ عزیز
از سہ نسبت حضرت زہرا عزیز
ڈاکٹر اقبال کہتے ہیں کہحضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ماں مریمؑ کو ایک نسبت حاصل ہے کہ وہ حضرت عیسیٰؑ کی والدہ ہیں۔لیکن حضرت فاطمہ ؓ کو تین نسبتیں حاصل ہیں پہلی نسبت حضرت محمدمصطفیﷺ کی بیٹی۔دوسری نسبت حضرت مولیٰ علیؓ کی بیوی۔تیسری نسبت حسنین کریمین کی والدہ ماجدہ ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں