اتوار، 18 جون، 2023

شکر


 

شکر 

قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے : 

” پس تم مجھے یاد کرو میں تمہیں یاد کروں گا اور میرا شکر ادا کرو، میری ناشکری نہ کرو “۔ 

بیشک جس نے اللہ تعالی کی طاعت کی اس نے شکر ادا کیا اور جس نے نا فر مانی کی اس نے نا شکری کی۔اللہ تعالی فرماتا ہے : 

” اگر تم نے شکر کیا تو میں تمہیں زیادہ عطا کروں گا“۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں :کہ قیامت کے دن کہا جائے گا ‘حمد کرنے والے کھڑے ہو جائیں۔ لوگوں کا ایک گروہ کھڑا ہو جائے گا ، ان کے لیے جھنڈا لگایا جائے گا اور وہ تمام لوگ جنت میں جائیں گے۔ پوچھا گیا یا رسول اللہ ﷺ ! حمد کرنے والے کون ہیں ؟

آپ ﷺ نے فرمایا : جو لوگ ہر حال میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ دوسری روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ جو ہر دکھ سکھ میں اللہ تعالی کا شکر ادا کر تے ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا شکر رب رحمن کی چادر ہے۔اللہ تعالی نے حضرت ایوب علیہ السلام کی طرف وحی فرمائی کہ میں لمبی باتوں کے بدلے اپنے دوستوں سے شکر کرنے پر راضی ہو گیا ہوں اور صابرین کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کا گھر جنت ہے۔ جب وہ جنت میں جائیں گے تو میں انہیں شکر کرنا سکھاﺅں گا کیو نکہ شکر بہترین بات ہے اور اس میں نعمتیں زیادہ کروں گا اور ان کی مدت دیدار لمبی کرتا جاﺅں گا۔

جب جمع اموال کے سلسلہ میں وحی ربانی کا نزول ہو ا تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ ہم کون سا مال اکٹھا کریں؟

 آپ ﷺ نے فرمایا : ذکر کرنے والی زبان اور شکر کرنے والا دل۔ شکر زبان ، دل اور اعضا ئے بدن سے ہوتا ہے۔ دل کا شکر نیکیوں کا ارادہ کرنا اور مخلوق سے اسے پوشیدہ رکھنا ، زبان کا شکر یہ ہے کہ انہیں عبادت الہی میں مصروف رکھے اور برے کاموں میں استعمال نہ کرے اور زبان کا شکر یہ بھی ہے کہ وہ تقدیر الٰہی پر اپنی رضا کا اظہار کرے۔ آنکھوں کا شکر یہ ہے کہ وہ جس مسلمان کا عیب دیکھیں اسے ڈھانپ لیں۔کانوں کا شکر یہ ہے کہ وہ کسی مسلمان کی برائی سنے تو اسے چھپائے۔

حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص سے پوچھا کیسے ہو ؟ اس نے کہا اچھا ہو ں۔ آپ ﷺ نے پھر پوچھا کیسے ہو ؟ اس نے کہا اچھا ہوں۔ حتی کہ آپ ﷺ نے تیسری بار پوچھا تو اس شخص نے کہا اچھا ہو ں ، اللہ کی تعریف اور شکر کرتا ہو ں۔ تب حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : میں یہی تم سے سننا چاہتا تھا۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں