جمعرات، 22 جون، 2023

ذکر الٰہی (2 )

 

ذکر الٰہی (2 )

حضرت عبد اللہ بن بْسر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ : ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ مجھ پر اسلام کے بہت سے احکام واجب ہو گئے ہیں۔ اس لیے میں چاہتا ہو ں کہ مجھے کوئی ایسا عمل بتا دیں کہ میں اس کو ہمیشہ کروں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : 

’’ تیری زبان سے ہر وقت ذکر الٰہی جاری رہے‘‘۔ حضرت معاذ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں : میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ بوقت رخصت اللہ تعالی کے نزدیک کون سا عمل اور عبادت زیادہ پسند ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا مرتے وقت تیری زبان اللہ تعالی کے ذکر سے شاداب ہو۔ذکر الٰہی کی فضیلت میں احادیث مبارکہ اس قدر کثرت سے ہیں کہ انکے مطالعے سے ہر صالح انسان حد در جہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ یہاں تک کہ ذکر الٰہی کرنے والوں کو تمام عابدوں کے مقابلے میں افضل قرار دیا گیا ہے۔

 حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا : اللہ تعالی کے افضل بندے اس کا ذکر کرنے والے بندے ہیں۔ ذکر الٰہی جس کی تہہ میں ہزاروں غیر مر ئی مفید ترین اثرات موجود ہیں۔ ہر عبادت سے افضل عبادت ہے۔ یو ں تو ہر عبادت کے ذریعے سے انسان اللہ تعالی کی طرف رجوع ہوتا ہے لیکن ہر وقت پابندی ارکان اور شرائط عبادت کا پورا ادا کرنا انسان کے لیے مشکل ہے۔ مثلاً چلتے پھرتے بستروں پر کروٹ بدلتے اٹھتے بیٹھتے یعنی ہر وقت اور ہر حالت میں نماز ادا نہیں کی جا سکتی اور عبادت میں مشغول نہ ہونے کی وجہ سے اس بات کا خطرہ ہے کہ انسان ذکر الٰہی سے غافل نہ ہو جائے اور چو نکہ نماز کا بھی مقصد اللہ تعالی کی یاد پاک ہے ، لہذا اس نے اپنے ذکر پاک کا ہر حالت میں حکم فرما کر اپنی حضوری کا دروازہ اپنے طالبوں کیلئے بکمال مہربانی کھلا رکھا۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں مسلمانوں کو ہر نماز کے بعد کثرت سے ذکرکرنے کا حکم دیتا ہے یہاں تک کہ اٹھتے بیٹھتے اور چلتے پھرتے کسی بھی حالت میں اس کو ذکر الہی ترک کرنے کی اجازت نہیں دی۔

 اللہ تعالی کو پسند نہیں کہ اس کا بندہ کسی بھی حالت میں غافل ہو کر نفس اور شیطان کو اپنے پاس راستہ دے۔ ارشاد باری تعالی ہے :

’’ پھر جب تم نماز پڑھ چکو تو کھڑے ، بیٹھے اور کروٹوں پر لیٹے اللہ کا ذکرکرتے رہو‘‘۔ذاکر بغیر ذکر الٰہی کے ایک لمحہ نہیں گزارتا۔ ذکر کی قدرو منزلت ذاکر ہی کے دل میں جا گزیں ہوتی ہے۔ اے طالب حق ! بزرگی یاد الٰہی میں ہے۔ تو زبان ظاہر اور زبان باطن سے مکمل اخلاص کے ساتھ ہر حال اور ہر وقت ذکر الٰہی کیے جا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں