دعا(۲)
حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں سواری پر آپ کے عقب میں بیٹھا ہواتھا، آپ نے ارشادفرمایا: اے فرزند! میں تمہیں چند کلمات کی تعلیم دیتا ہوں، تم اللہ رب العزت کے حقوق کی حفاظت کرو اللہ تمہاری حفاظت کرے گا، تم اللہ کے حقوق کی حفاظت کرو تم اللہ کی تقدیر کو اپنے سامنے پائو گے، جب تم سوال کرو تو اللہ تبارک وتعالیٰ سے سوال کرواورجب تم مددچاہو تو اللہ رب العزت سے مدد چاہو۔ (ترمذی)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: تم اپنی ہر حاجت کا اللہ تعالیٰ سے سوال کرو حتیٰ کہ جوتی کے تسمہ ٹوٹنے کا۔(جامع ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے یہں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : جس شخص کو اس بات سے خوشی ہو کہ اللہ تبارک وتعالیٰ سختیوں اورمصیبتوں میں اس کی دعاء قبول کرے، تو اسے چاہیے کہ وہ عیش وآرام میں اللہ تبارک وتعالیٰ کی بارگاہ میں کثرت سے دعاء کرے۔(جامع ترمذی)
امیر المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ میرے پاس ایک یہودی خاتون آئی، اورکہنے لگی ،پیشاب کی وجہ سے عذاب قبر ہوتا ہے ، میں نے کہا تم جھوٹی ہو، اس نے کہاکیوں؟ ہم لوگ تو کھال اورکپڑے کو پیشاب لگنے کی وجہ سے کاٹ دیا کرتے تھے، (اس گفتگو کی وجہ سے)ہماری آوازیں بلند ہورہی تھیں ، جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت نماز کے لیے تشریف لے جارہے تھے، آپ نے ہم سے پوچھا کیا بات ہے؟ اس پر میں نے سارا واقعہ عرض کردیا ،آپ نے فرمایا: وہ عورت سچ کہتی ہے ، اس دن کے بعد آپ ہر نماز کے بعد یہ دعاکرتے ، اے جبرائیل اور میکائیل کے رب مجھے آگ کی گرمی اورقبر کے عذاب سے اپنی پناہ میں رکھ۔(سنن نسائی)
حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ میں نے جب بھی تمہارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں نماز اداکرنے کی سعادت حاصل کی تو آپ کو نماز کے بعد یہ دعاکرتے ہوئے سنا: اے اللہ میری تمام خطائوں اورگناہوں کو بخش دے ، اے اللہ مجھے ہلاکت سے بچا، میرے ٹوٹے ہوئے کام جوڑدے، اورمجھے نیک اعمال اوراخلاق کی ہدایت دے، تیرے سواء نیک اعمال کی ہدایت دینے والا اوربرے اعمال سے بچانے والا کوئی اورنہیں۔(مجمع الزوائد ، طبرانی)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں