جمعہ، 30 ستمبر، 2022

دائمی مسرت (۲)

 

دائمی مسرت (۲)

حضرت ابوبکررضی اللہ عنہ رواےت  کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تم کو سب سے بڑا گناہ نہ بتادوں؟ہم نے کہا : کیوں نہیں :یا رسول اللہ :آپ نے فرمایا: اللہ کے ساتھ شریک کرنا،ماں باپ کی نافرمانی کرنا، آپ ٹیک لگا ئے ہوئے تھے، پھر بیٹھ گئے اور فرمایا: سنواور جھوٹ اور جھوٹی گواہی،آپ بار بار یہ فرماتے رہے حتیٰ کہ ہم نے کہا : کاش آپ سکوت فرماتے ۔(بخاری، مسلم ، ترمذی)حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ کوئی شخص اپنے والدین پر لعنت کرے ، عرض کیا گیا: یارسول اللہ ! کوئی شخص اپنے والدین پر کیسے لعنت کرے گا ؟ فرمایا : وہ کسی شخص کے باپ کو گالی دے گا تو وہ اس کے باپ کو گالی دے گا، وہ کسی کی ماں کو گالی دے گا تو وہ اس کی ماں کو گالی دے گا۔(بخاری ، مسلم)
حضرت عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ آپ کے پاس ایک شخص آیا اوراس نے کہا : ایک جوان آدمی قریب المرگ ہے، اس سے کہاگیا کہ لاالہ الااللہ پڑھو وہ نہیں پڑھ سکا، آپ نے فرمایا: وہ نماز پڑھتا تھا؟اس نے کہا : ہاں! پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھے اورہم بھی آپ کے ساتھ اٹھے، آپ اس جوان کے پاس گئے اورفرمایا: کہو لاالہ الااللہ ‘اس نے کہا : مجھ سے نہیں پڑھا جارہا ، آپ نے اسکے متعلق پوچھا: کسی نے کہا : یہ اپنی والدہ کی نافرمانی کرتا تھا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا : اس کی والدہ زندہ ہے ؟ لوگوں نے کہا: ہاں !آپ نے فرمایا: اس کو بلاﺅ، وہ آئی ، آپ نے پوچھا: یہ تمہارا بیٹا ہے ، اس نے کہا : ہاں ! آپ نے فرمایا : یہ بتاﺅ اگر آگ جلائی جائے اورتم سے یہ کہا جائے کہ اگر تم شفاعت کرو تو اس کو چھوڑ دیتے ہیں ورنہ اس کو آگ میں ڈال دیتے ہیں تو کیا تم اس کی شفاعت کروگی ؟ اس نے کہا: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اس وقت میں اس کی شفاعت کروں گی ، آپ نے فرمایا : تب تم اللہ کو گواہ کرو، اورمجھ کو گواہ کرکے کہو کہ تم اس سے راضی ہوگئی ہو، اس عورت نے کہا: اے اللہ ! میں تجھ کو گواہ کرتی ہوں اورتیرے رسول کو گواہ کرتی ہوں کہ میں اپنے بیٹے سے راضی ہوں ، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے لڑکے ! اب کہو: ”لاالہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ واشھد ان محمد ا عبدہ ورسولہ “تو اس لڑکے نے کلمہ پڑھا ، پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ کا شکر ہے ، جس نے اس کومیری وجہ سے آگ سے نجات دی ۔ (طبرانی ، احمد )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...