ہفتہ، 9 اپریل، 2022

رمضان اور تحصیل تقویٰ(۳)

 

رمضان اور تحصیل تقویٰ(۳)

سورۃ البقرۃ کی ابتدائی آیات میں اس حقیقت کا اظہار کیا ہے کہ یہ کتاب اہل تقویٰ کیلئے ہدایت ہے۔ یہاں ہدایت سے مراد ارفع ترین ہدایت ہے یعنی ایصال الی المطلوبکسی کو منزل مقصود تک پہنچا دینا۔ جب راہ نور شوق منزل جاناں تک باریاب ہو تا ہے توبارگا رہ ناز کے سارے دروازے کھل جاتے ہیں اورسارے حجابات اٹھ جاتے ہیں اور انسان کی نظر میں حسن حقیقی کے جلوئے بس جاتے ہیں۔سورہ بقرہ کی انہیں ابتدائی آیا ت میں ان لوگوں کے خصائل حمیدہ کا ذکر بھی کیا گیا ہے جو متقی ہیں۔ رمضان المبارک کے تقدس مآب ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان اوصاف و شمائل کو اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ورنہ حدیث پاک کی رو سے روزہ محض بھوک اور پیاس کی ایک مشقت بن کر رہ جائے گا۔یہ علامات درج ذیل ہیں:(۱)ایمان بالغیب کے حامل ہیں (۲) نماز قائم کرتے ہیں (۳) اللہ کے دئیے ہوئے رزق میں سے اسکے راستے میں خرچ کرتے ہیں (۴) حضور اکرم ﷺ پر نازل ہونیوالی وحی اور اس سے قبل نازل ہونیوالی وحی پر ایمان رکھتے ہیں (۵) آخرت  پر ایمان رکھتے ہیں۔۔۔۔ اہل تقوی کا پہلا اور بنیادی وصف ایمان بالغیب ہے۔ اللہ اور اس کے پیغام کو مان لینا اور اس سے وابستہ ہو جانا ایمان ہے۔ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جن حقائق کی اشارہ فرمایا ہے، انہیں بلا چوں و چرا ماننا ایمان بالغیب ہے۔ ایمان ایک ایسا وصف ہے جو انسان کے وجود میں اطمینان و سکینت کا سبب ہے اور اس کو ذہنی اور نظریاتی طور پر یکسو کر دیتا ہے اور اسکے عمل کی ایک شاہراہ متعین ہو جاتی ہے۔
رمضان میں ایمان بالغیب کی کیفیت میں ایک گونا اضافے کا سامان موجود ہے۔ ہم نے کس کے کہنے پر اپنی زندگی کے گیارہ ماہ کے طرز عمل کو یک لخت تبدیل کر دیا۔ اللہ کے حکم پر اور رسول اللہ ﷺ کے بتانے پر ،روزہ ایک ایسا عمل ہے جس کا صحیح ترین ادراک یا تو اللہ رب العزت کو ہے یا خود روزہ دار کو ۔ ’’روزہ میرے لیے ہے اور میں خود ہی اس کی جزاء دیتاہوں یا میں خود ہی اسکی جزاء ہوں۔جیسی حوصلہ افزاء بشارت اسی لیے ہے کہ اس پر کوئی تیسرا حتمی اور یقینی گواہ ہو نہیں سکتا ۔ سارا دن انسان کھانے پینے یا خواہشات نفسانیہ سے مجتنب رہتا ہے۔ محض اس لیے کہ اس کا اپنے پروردگار سے ایک وعدہ ہے۔ اگر ہم روزہ کے مقرر دورانیہ میں حلال اورطیب اشیاء کو ترک دینے کے عادی ہو جاتے ہیں تو دوسرے ایام میں ہمیں کم از کم حرام تو ضرور ترک دینا چاہیے۔ اگر یہ کیفیت اجتناب ہمارے وجود میں راسخ ہو جائے تو دوسرے گیارہ مہینوں میں ہم اہم موانعات شرعی سے اجتناب کے بھی عادی ہو سکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱)

    چند سورتوں اور آیات کی فضیلت(۱) قرآن مجید پڑھنا سب عبادتوں سے افضل ہے اور خاص طور پر نماز میں کھڑے ہو کر قرآن مجیدکی تلاوت کرنا ۔ آپ...