ہفتہ، 30 اپریل، 2022

حسن زکوٰۃ

 

حسن زکوٰۃ

حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ایک مرتبہ  زکوٰۃ وصول کرنے کیلئے مامور فرمایا:میں اپنے فریضہ کی انجام دہی کے دوران ایک صاحب کے پاس گیا، انھوں نے اپنے گلے کے تمام اونٹ میرے سامنے پیش کئے تاکہ میں انکی مقدار شمار کروں اور نصاب شریعت کیمطابق زکوٰۃ کا تعیّن کروں میں نے حساب لگایا کہ ان میں ایک سال کی اونٹنی بطور زکوٰۃ واجب ہے میں نے ان سے کہا کہ میاں ایک سالہ اونٹنی دے دو، وہ کہنے لگے، بھئی ایک سالہ اونٹنی کس کام آئے گی ، یہ نہ تو سواری کے قابل ہے، اورنہ ہی وہ دودھ دے گی، پھر انھوں نے اپنے ریوڑ سے ایک نہایت عمدہ ،فربہ اورتوانا اونٹنی الگ کی اورکہنے لگے یہ لے جائو ، میں نے کہا میں تواس کو قبول نہیں کرسکتا (کیونکہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے عاملین زکوٰۃ کو ہدایت فرمائی تھی کہ زکوٰۃ وصول کرتے ہوئے لوگوں کے عمدہ مال نہ وصول کرنا، بلکہ عام سی نوعیت کے جانور وصول کرنا،اورنصاب سے زائد نہ لینا)البتہ میں تمہیں مطلع کرتا ہوں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان دنوں خود بھی محوِ سفر ہیں ، اوران کا پڑائو بھی تمہارے قریب ہے، اگر تم یہ عمدہ اورنفیس مال بطور زکوٰۃ اداکرنا چاہتے ہوتو اسے براہ راست آقا کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی خدمت عالیہ میں پیش کردو، اگر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اجازت مرحمت فرمادی تو میں بھی اسے وصول کرلوں گا، وہ صاحب اس اونٹنی کی مہار تھام کر میرے ساتھ چل دیئے ، جب ہم آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ عالیہ میں پہنچے تو انھوں نے (بڑے احسن انداز میں)آپ کی خدمت میں گزارش کی ،یارسول اللہ ! آج آپ کے قاصد میرے پاس تشریف لائے تاکہ مجھ سے زکوٰۃ وصول کریں، واللہ !اب سے پہلے یہ سعادت مجھے کبھی حاصل نہیں ہوئی کہ حضور نے یا حضور کے کسی قاصد نے مجھے سے مال طلب کیا ہو، میں نے آپکے قاصد کے سامنے اپنے اونٹ پیش کردے ، انھوں نے فرمایا ان میں سے ایک سال اونٹنی واجب ، حضور !ایک سال اونٹنی نہ تو دودھ دے سکتی اورنہ ہی سواری کے کام آسکتی ہے، اس لیے میں نے ایک بہترین اونٹنی ان کی خدمت میں پیش کردی ، جو میرے ساتھ حاضر ہے، لیکن انھوں نے اسے قبول نہیں فرمایا: اس لیے میں آپ کی خدمت میں لایا ہوں، یارسول اللہ ، اسے قبول فرمائیے ، آپ نے فرمایا : تم پر واجب تو وہی ہے جو ابی نے بتایا ، اگر تم نفل کے طور پر زیادہ عمر کی عمدہ اونٹنی دیتے ہو، تو اللہ تعالیٰ تمہیں اس کااجر دے گا، انھوں نے عرض کیا یارسول اللہ میں اسی لیے ساتھ لایا ہوں اس کو قبولیت سے سرفراز فرمالیں ، آپ نے اجازت مرحمت فرمادی۔(ابودائود)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں