برکاتِ رمضان
٭ حضرت عثمان ابن ابوالعاص رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: روزہ جہنم سے بچنے کے لیے ڈھال ہے جس طرح جنگ میں (حفاظت کے لیے)تمہاری ڈھا ل ہواکرتی ہے۔(نسائی ،ابن ماجہ)
٭ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں ، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:روزہ دوزخ کی آگ سے محفوظ رہنے کے لیے ڈھا ل ہے جو آدمی صبح کے وقت روزہ کی حالت میں بیدار ہو وہ کسی جہالت کا مظاہرہ نہ کرے اگر کوئی دوسرا اس کے ساتھ بدتہذیبی کرے تو روزہ دار نہ تو اسے گالی دے اورنہ ہی برا بھلاکہے بلکہ وہ کہے کہ میں تو روزے سے ہوں ، اس ذاتِ (والاتبار)کی قسم !جس کی قبضہ قدرت میں محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)کی جان ہے ۔ روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے ہاں مشک سے بھی محبوب تر ہوتی ہے ۔(بیہقی)
٭ حضرت عبداللہ بن اوفی روایت کرتے ہیں ، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:روزہ دار کا سونا بھی عبادت ہے ،اس کی خاموشی تسبیح ہے ،اس کے عمل کا ثواب دوچند ہے ، اس کی دعا مقبول ہوتی ہے اوراس کے گناہ بخش دیے جاتے ہیں ۔(بیہقی)
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: روزہ نصف صبر ہے ،ہر چیز کی زکوٰۃ ہوتی ہے اورجسم کی زکوٰۃ روزہ ہے۔(ابن ماجہ، طبرانی،بیہقی)
٭ حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:روزہ اورقرآن قیامت کے دن بندے کی سفارش کریں گے ، روزہ کہے گا اے میرے رب!میں نے ہی اسے دن کے وقت خوردونوش اور دیگر خواہشات سے مجتنب رکھا تھا لہٰذا اس کے ہاتھ میں میری سفارش قبول فرما۔جبکہ قرآن مجید یوں عرض کرے گا اے میرے رب کریم !رات کو میں نے اسے نیند سے روکے رکھا تھا لہٰذا اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما۔پس ان دونوں کی سفارش قبول کی جائے گی۔(احمد، طبرانی ،حاکم )
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں