منگل، 12 اپریل، 2022

خاتونِ جنت فاطمہ الزہرارضی اللہ عنہا(۱)

 

خاتونِ جنت فاطمہ الزہرارضی اللہ عنہا(۱)

 سیّدہ ‘طیبہ ‘طاہرہ فاطمۃ الزہرا بے شمار فضائل کی حامل ہیں۔آپ خاتون جنت ہیں‘جنت میں تمام جنتی خواتینِ عالم کی سردار ہیں۔سُلطانِ دوعالم فخرِ آدم وبنی آدم ‘حضور محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی لاڈلی صاحبزادی ہیں۔اگر چہ آپ چاروں بیٹیوں میں سے سب سے چھوٹی تھیں،لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کی سب سے زیادہ حقدار ٹھہریں۔اُمُّ المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کے حُسنِ تربیت اورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فیضانِ اقدس نے آپ کے کردار کو انتہائی بُلندیوں پر پہنچادیا تھا۔بیٹی کی حیثیت سے ‘بیوی کی حیثیت سے ‘ماں کے کردار کی حیثیت سے انسانی سرفرازی کے لحاظ سے آپ اپنی مثال آپ تھیں۔آپ فقرودرویشی ‘استغناء اورسخاوت میں اپنی مثال آپ تھیں۔آپ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صفاتِ حسنہ کا پیکر تھیں،اپنے اباّجان کے کردار کی احسن ترین تنویر تھیں۔خاص طور سے آپ نے خواتینِ اسلام کیلئے جو اُسوئہ حسنہ پیش کیا ہے ،اس کی مثال نہیں ملتی ۔مشکیزے میں پانی خودلاتی ہیں‘جس سے سینے اورکندھوں پر نشانات پڑگئے ۔گھر کے تمام امور خود انجام دیتی ہیں،چکی اس حالت میں پیستی ہیں کہ گود میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ہیں‘کندھے پر حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ لٹکے ہوئے ہیں۔ہاتھ چکی پیس رہے اورزبان پر قرآن حکیم کی تلاوت جاری ہے۔تین تین دن فاقے سے گزارے مگر کبھی شکایت کا ایک لفظ بھی زبان پہ آنے نہ پایا۔جو نہی وقت ملتا مصلے پر کھڑی ہوجاتیں۔تمام تمام رات مصلے پر عبادت میں گزارتیں ۔صبح کی اذان ہوتی تو فرماتیں’’خدایا تیری بندی عبادت کا حق ادا نہیں کرپائی کیونکہ تیری رات ہی مختصر ہے‘‘۔ایک خاتون میں جس قدر خوبیاں ہونی چاہئیں وہ سب آپ کی ذات میں موجود تھیں۔

مرزعِ تسلیم را حاصل بتول

مادراں را اُسوئہ کامل بتول

 حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہ آپ کا نام ہے۔آپ آنحضرت سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی چھوٹی صاحبزادی تھیں اورتمام مکارم اخلاق وفضائلِ اوصاف آپ پر ختم ہوگئے تھے ۔آپ کی والدہ محترمہ حضرت خدیجہ بن خویلد رضی اللہ عنہا تھیں۔آپ سیّدہ خواتینِ عالم اورسردار النساء اہلِ جنت ہیں۔آپ کے القاب زہرا‘ طاہرہ‘ مطہرہ‘ زاکیہ‘راضیہ‘مرضیہ اور بتول ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں