ہفتہ، 15 مئی، 2021

عید سعید

 

عید سعید 

انسان مدنی الطبع ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے ،ایک دوسرے کی خوشی اورغم میں شریک ہوتا ہے ۔ ایک دوسرے کی اعانت کرتا ہے ، زندگی اپنے ذیل میں مختلف تقاضے رکھتی ہے، یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی شخص دنیا میں رہے اوربالکل یکہ وتنہا رہے، اپنے تمام کام خود ہی سرانجام دے اوردوسروں سے بالکل بھی سروکار نہ رکھے، زندگی ایک دوسرے کے تعاون سے ہی آگے بڑھتی ہے۔ اسلام دین فطرت ہے۔ فطرت کے تمام تقاضوں کا احصاء وحی الٰہی کے علاوہ کوئی علم کر ہی نہیں کرسکتا ، کیوں کہ اللہ کریم انسان کا خالق ہے اس سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ اس کی اس تخلیق کی ندرت کیا ہے اوراسکے ظاہر اورباطن کو کیسے استوار کیا جاسکتا ہے۔ اسلام نے اپنے نظام فکر میں اس کی اجتماعی زندگی کے تمام پہلوئوں کو مد نظر رکھا۔ اسلام کے نظام عبادات کا ایک سرسری جائز ہ بھی لیا جائے تو انسان محسوس کرسکتا ہے کہ اللہ کریم کے احکام پر عمل پیرا ہونے سے جہاں انسان کے ظاہر و باطن میں حسن وتوازن پیدا ہوتا ہے وہیں اسکے نظم اجتماعی میں بھی اس کی برکتیں ظاہر ہوتی ہے۔ نماز ، روزہ ، حج ، زکوٰۃ جہاں فرد کی انفرادی زندگی کو سنوارتے ہیں وہیں پر اس کے ماحول اورمعاشرے کو بھی ایک پاکیزہ روحانی سانچے میں ڈھال دیتے ہیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مدینہ منورہ میں تشریف لائے توآپ اہل مدینہ کے دوایسے دنوں کے بارے میں مطلع ہوتے جن میں وہ مسرت وشادمانی کا اظہار کرتے، کھیل کود میں مصروف ہوتے، جشن وضیافت کا اہتمام کرتے آپ نے استفسار فرمایا کہ یہ دن کس نوعیت کے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ان دنوں میں زمانہ جاہلیت سے کھیل کود کرتے ہیں، آپ نے فرمایا: اللہ تبارک وتعالیٰ کے ان دودنوں کو دوایسے دنوں سے بدل دیا ہے جو ان سے بہتر ہیں ، عیدالاضحی کا دن اورعیدالفطر کا دن۔(سنن ابودائود) دنیا کی دیگر قومیں بھی اپنے تہوار مناتی ہیں ۔ لیکن اسلام نے اجتماعیت کے فطری میلان کو بھی ایک تقدس عطاکردیا ہے۔ عیدا لفطر رمضان المبارک کی خیر وعافیت سے تکمیل پر اظہار مسرت بھی ہے اوراللہ کریم کی بارگاہ میں ہدیہ ء تشکر بھی۔ عید مسرت و شادمانی کا دن ہے لیکن یہ کسی جنگ یا معرکے کی یاد نہیں ، یہ اپنے آباء واجداد پر فخر وتکبر کیلئے بھی نہیں ہے۔ یہ تو اس اطاعت وتسلیم پر طمانیت اور مسرت کا دن ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے زندگی میں رمضان المبارک کی نعمت عطافرمائی ۔ یہ مہینہ روحانی تربیت کا مہینہ بھی ہے اورایک آزمائش بھی ہے کہ کوئی روکنے والا بھی نہیں اورکوئی دیکھنے والا بھی نہیں۔ لیکن بندہ محض اپنے رب کریم کی خوشنودی اوررضاء کیلئے روزہ رکھ رہا ہے۔عید اس امتحان سے بخوبی گزرنے کی خوشی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا

  حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا  حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا نبی کریم ﷺ کی زوجہ محترمہ اور حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ ت...