اتوار، 18 اکتوبر، 2020

شانِ عفو

 

 شانِ عفو

شعب ابی طالب میں تین سالہ محصوری کے دوران قریش کی کوشش یہ رہی کہ مسلمانوں تک کھانے پینے کی کوئی چیز نہ پہنچے ۔مکہ میں غلہ یمامہ سے آتا تھا۔ یمامہ کے رئیس ثمامہ بن اثال نے ایسا انتظام کیا کہ یمامہ کے غلے کا ایک دانہ بھی شعب ابی طالب تک نہیں پہنچ سکتا تھا۔ ہجرت کے بعد ایک واقعہ ایسا ہوا کہ ثمامہ مسلمانوں کے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔ اسے رسول اللہ ﷺکے سامنے پیش کیاگیا ۔آپ نے حکم دیا کہ اسے مسجد کے ستون سے باندھ دیا جائے۔ ثمامہ نے بڑی لجاجت سے کہا:اے محمد (ﷺ)اگر تم مجھے قتل کروگے تو یہ غلط نہ ہوگا ۔بلاشبہ میں اسی کا مستحق ہوں ۔ اگر احسان کرو گے تو ایک شکر گزار پر احسان ہوگا۔ اورفدیہ کے بدلے میری رہائی ہوسکتی ہے ،تو میں زرِ فدیہ اداکرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ حضور اکرم ﷺنے اسکی بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اورمسجد سے تشریف لے گئے۔ دوسرے دن ثمامہ نے پھر یہی بات کی لیکن آپ نے سکوت اختیار فرمایا۔تیسرے دن جب اس نے یہ بات کی توآپ نے حکم دیا،’’اسے آزاد کردو۔‘‘ ثمامہ کو اپنی اسلام دشمنی ، ظلم اورزیادتی کا اچھی طرح علم تھا۔ اسے بڑی سخت سزا کا اندیشہ تھا۔ لیکن خلاف تو قع رہائی سے اسے بڑی حیرت ہوئی اس لطف وکرم اورعفو ودرگزر سے بڑا متاثر ہوااور اسی وقت سچے دل سے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کرلیا اورگریہ کناں ہوکر حضور علیہ الصلوۃ التسلیم کی خدمت میں عرض کیا۔ یا رسول اللہ ﷺ!آج سے پہلے مجھ سے بڑھ کرآپ کا دشمن کوئی نہیں تھا، لیکن اب آپ سے بڑھ کر مجھے کوئی اورمحبوب نہیں ہے۔ اسلام کو میں بدترین مذہب سمجھتا تھا ،لیکن آج یہ میرے نزدیک بہترین دین ہے۔ مجھے مدینہ سے سخت نفرت تھی لیکن آج اس سے زیادہ پسندیدہ شہر میرے نزدیک کوئی اور نہیں ہے۔ اسلام قبول کرنے کے بعدحضرت ثمامہ ؓمکہ معظمہ گئے تو قریش نے انھیں بڑا لعن طعن کیا کہا، شاید تیری عقل ٹھکانے نہیں رہی، جو تونے محمد (ﷺ )کا دین اختیار کرلیا ہے۔ ثمامہ نے یہ سنا تو بڑے غضب ناک ہوئے اور کہا اچھا یہ بات ہے تو سنو! خد ا کی قسم اب رسول اللہ ﷺ کی اجازت کے بغیر غلہ کا ایک دانہ بھی یمامہ سے یہاں نہیں آئیگا۔ انھوں نے مکہ والوں کو غلہ کی ترسیل روک ، کچھ ہی دنوں میں وہاں غلے کا کال پڑگیا۔قریش کی طبیعت صا ف ہوگئی،انھوں نے ایک وفد سرکار دوعالم ﷺکی خدمت میں بھیجااور گزارش کی کہ سب مرد وزن بچے بوڑھے دانے دانے کو ترس گئے ہیں، آپ مہربانی فرمائیں،اورثمامہ کوغلے کی ترسیل کھولنے کا حکم دیں۔حضور رحمت عالم ﷺنے انکی درخواست قبول فرمالی اورثمامہ کو بندش اٹھانے کا حکم دے دیا۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)

  حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ(۲)  آپ نے اسلام کی حالت ضعف میں کل مال و متاع ، قوت قابلیت اور جان و اولاد اور جو کچھ پاس تھاسب کچھ انف...