آں خنک شہرے ۔۔۔۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ روایت کرتے ہیں کہ اہل مدینہ کا معمول تھا کہ جب انکے باغوں میں پہلا پھل پکتا تو اسے لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خدمت میں پیش کرتے ۔حضور اکرم ﷺاس پھل کو لیکر اپنی مبارک آنکھوں پر رکھتے اور یوں دعاء فرماتے۔ ’’اے اللہ ! ہمارے پھلوں میں برکت دے اور ہمارے مدینہ میں بھی برکت دے، ہمارے صاعوں میں بھی برکت دے اور ہمارے مدّ میں بھی برکت دے (یعنی پیمانوں اور وزنوں میں) اے اللہ بے شک ابراہیم تیرا بندہ تیرا خلیل اور تیرا نبی تھا اور اس نے مکہ کیلئے دعا ء کی تھی اور میں مدینہ کیلئے تیری بارگاہ میں التجاء کرتا ہوں۔ جس طرح ابر اہیم نے مکہ کیلئے دعاء کی تھی ۔اسکے ساتھ اسکی مثل اور۔ (صحیح مسلم) ٭حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ کو سامنے احد کا پہاڑ نظر آیا تو آپ نے فرمایا : یہ پہاڑ ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں ۔ اے اللہ بے شک ابر اہیم ؑ نے مکہ مکرّمہ کو حرم بنا یا تھا اور میں ان دوپہاڑوں کے درمیان کو حرم بنارہا ہوں ۔ (سنن ترمذی) ٭حضر ت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں سے جو مدینہ منورہ میں مر سکے تو ایسا کر ے کیونکہ بے شک میں (اسکے حق میں ) گواہی دوں گا ۔ جو یہاں مر جائیگا۔(ابن ماجہ ) ٭امیر المومنین حضرت عمر ابن خطاب رضی اللہ عنہ یوں دعاء مانگا کرتے تھے۔ ’’اے اللہ مجھے اپنی راہ میں شہادت نصیب فرما اور مجھے اپنے رسول ﷺکے شہر میں موت عطا فرما۔ (بخاری) ٭محمد بن مسلمہ ؒ بیان کر تے ہیں ۔ امام مالک ؒ فرماتے ہیں میں خلیفہ مہدی سے ملا قات کیلئے گیا تو اس نے کہا مجھے کچھ نصیحت فرما ئیے میں نے کہا : میں تجھے اللہ سے ڈرتے رہنے کی وصیت کرتا ہوں اور اس بات کی کہ رسول اللہ ﷺکے شہر کے باشندوں ،حضور کے پڑوسیوں کے ساتھ لطف وعنایت سے پیش آئو۔ کیونکہ ہمیں یہ روایت پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : مدینہ میری ہجرت گاہ ہے، قیامت کے روز یہیں سے اُٹھا یا جائوں گا۔ یہاں میری قبر ہوگئی، اسکے باشندے میرے پڑوسی ہیں اورمیری امت پر لازم کہ وہ میرے پڑوسیوں کی حفاظت کرے۔ جو میری وجہ سے ان کی حفاظت کریگا، میں قیامت کے روز اس کا شفیع اور گواہ ہوں گا،اور جو میرے پڑوسیوں کے بارے میں میری وصیت کی حفاظت نہیں کریگا۔ اللہ اسے دوزخ کا نچوڑپلائے گا۔ (ترتیب المدارک ، قاضی عیاض)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں