اتوار، 22 فروری، 2026

فضائل و مناقب سیدہ خدیجۃ الکبرٰیؓ(2)

 

فضائل و مناقب سیدہ خدیجۃ الکبرٰیؓ(2)

ایک مرتبہ حضور نبی کریم ﷺ کے پاس جبرائیل امین تشریف لائے اورکہا یارسول اللہ ﷺ حضرت سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ تعالیٰ عنہاتشریف لا رہی ہیں ان کے ہاتھ میں ایک برتن بھی ہے جس میں شوربہ ، کھانے پینے کی کچھ چیز ہے۔ جب وہ تشریف لائیں تو آپ ﷺ انہیں ان کے پروردگار اور میری طرف سے سلام پیش فرمائیے گا اور ساتھ ہی جنت میں ایک بے جوڑ موتی کے محل کی بشارت بھی سنا دیجئے گا۔ (متفق علیہ )۔
ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کی ازواج میں سے کسی پر اتنا رشک نہیں کرتی جتنا رشک حضرت خدیجہؓ پر کرتی ہوں۔ وہ میرے نکاح سے پہلے وفات پا چکی تھیں۔لیکن حضور نبی کریم ﷺ حضرت خدیجہ ؓ کا ذکر کثرت سے فرمایا کرتے تھے۔ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ خدیجۃ ؓ کو موتیوں کے محل کی بشارت دیجیے۔اور جب بھی نبی کریمﷺ کوئی بکری ذبح فرماتے تو نبی کریم ﷺ حضرت خدیجہ ؓ کی سہلیوں کو گوشت بھیجتے۔( متفق علیہ )۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا :اپنے زمانے کی سب سے بہترین عورت مریم ہیں اور اسی طرح اپنے زمانے کی سب سے بہتر عورت خدیجہؓ ہیں۔ (متفق علیہ ) 
حضرت خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ جب تک آپ زندہ تھیں نبی کریم ﷺ نے دوسرا نکاح نہیں فرمایا۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت خدیجہ  کی موجودگی میں دوسری شادی نہیں فرمائی یہاں تک کہ حضرت خدیجہ ؓکا انتقال ہو گیا۔ ( مسلم شریف )۔
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے زمین پر چار خطوط کھینچے اور پوچھا کہ کیا تم جانتے ہو کہ یہ کیا ہے ؟
صحابہ کرام رضو ان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کی یارسو ل اللہ ﷺ اللہ اور اس کا رسول ﷺ بہتر جانتا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ یہ جنت کی بہترین عورتیں ہیں جو کہ حضرت خدیجۃ ؓبنت خویلد ، حضرت فاطمہ بنت محمدﷺ ، فرعون کی بیوی آسیہ اور حضرت مریم بنت عمران۔ ( مسند احمد)
حضرت خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا چوبیس یا پچیس سال حضور نبی کریم ﷺ کی رفاقت میں رہیں۔ ہجرت سے تین سال قبل پینسٹھ سال کی عمر میں دس رمضان المبارک کو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا وصال ہو گیا۔ آپ کے وصال پر آپﷺکو بہت زیادہ رنج پہنچا۔ 
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی زندگی ہمیں وفاداری ، قربانی ، محبت ، ایثار اور ایمان کی راہ میں استقامت کا درس دیتی ہے۔ آپ کا کردار قیامت تک خواتین کے لیے ایک عظیم مثال رہے گا۔ اللہ جل شانہ ہمیں سیدہ خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

فضائل و مناقب سیدہ خدیجۃ الکبرٰیؓ(2)

  فضائل و مناقب سیدہ خدیجۃ الکبرٰیؓ(2) ایک مرتبہ حضور نبی کریم ﷺ کے پاس جبرائیل امین تشریف لائے اورکہا یارسول اللہ ﷺ حضرت سیدہ خدیجۃ الکبری ...