منگل، 27 جنوری، 2026

شا ن وعظمت امام حسین پاک ؓ(1)

 

شا ن وعظمت امام حسین پاک ؓ(1)

تاریخ انسانی میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کا ذکر محض ایک عہد یا ایک قوم تک محدود نہیں رہتا بلکہ ان کی زندگی پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ بن جاتی ہے۔ امام عالی مقام امام حسین رضی اللہ عنہ بھی انہی عظیم ہستیوں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے کردار ، اپنے فیصلوں اور اپنی قربانی کے ذریعے حق و باطل کے درمیان ایسی لکیر کھینچ دی جو قیامت تک واضح رہے گی۔آپ علیہ السلام کا نام آتے ہی دلوں میں احترام کی لہر دوڑ جاتی ہے اور آنکھوں میں عقیدت کے چراغ روشن ہو جاتے ہیں۔
امام عالی مقام امام حسین رضی اللہ نبی کریم ﷺکے نواسے اور حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے لخت جگر ہیں۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت باسعادت تین شعبان المعظم کو مدینہ منورہ میں ہوئی۔آپ رضی اللہ عنہ کی پرورش براہ راست نبی کریمﷺ کے سایہ اقدس میں ہوئی جہاں عدل ، شفقت اور تقوی کی عملی تعلیم دی جاتی تھی۔ بچپن ہی میں آپ  کے کردار میں وقار ، حلم اور حیا کے پہلو نمایاں تھے۔ ایک مقام پر نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہو ں۔
امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دنیا کی سب سے عظیم نانا، عظیم ماں ،عظیم باپ اور عظیم گھرانے میں پرورش پائی۔نبی کریمﷺ کو شہزادہ حسین سے بہت زیادہ انس تھی۔ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے گھر کے پاس سے گزرے تو حسین رضی اللہ عنہ کو روتے ہوئے سنا آپﷺ نے فرمایا کیا تجھے معلوم نہیں کہ اس کا رونا مجھے تکلیف دیتا ہے۔ ( طبرانی )
 سیدہ کائنات سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا فرماتی ہیں کہ میں اپنے بابا جان حضور نبی کریم ﷺ کے مرض وصال کے دوران حسن اور حسین کو آپﷺ کی خدمت اقدس میں لائیں اور عرض کی یا رسول اللہ ﷺ انہیں اپنی وراثت میں سے کچھ عطا فرمائیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا حسن میری ہیبت و سرداری کا وراث ہے اور حسین میری جرأت و سخاوت کا۔
حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوا تو میں نے دیکھا کہ نبی کریم ﷺ نے امام حسین رضی اللہ عنہ کو اپنی پشت مبارک پر بٹھایاہوا ہے اور حضور نبی کریم ﷺ گھٹنوں کے بل چل رہے ہیں۔فاروق اعظم ؓ فرماتے ہیں میں نے کہا کہ اے ابو عبد اللہ آپ نے کیا خوب سواری پائی ہے۔ تو نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اے عمرؓ سوار بھی تو خوب ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں