ہفتہ، 20 دسمبر، 2025

دل کی سختی

 

دل کی سختی

دل کی سختی ایک ایسا مرض ہے جو انسان کویاد الٰہی سے غافل کر کے اللہ کی رحمت سے دور کردیتا ہے۔
 اللہ تعالیٰ قرآ ن مجید میں ارشاد فرماتا ہے : ’’پھر اس کے بعد تمہارے دل سخت ہو گئے تو وہ پتھروں کی مثل ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ کَرے اور پتھروں میں تو کچھ وہ ہیں جن سے ندیاں بہہ نکلتی ہیں اور کچھ وہ ہیں جو پھٹ جاتے ہیں تو ان سے پانی نکلتا ہے اور کچھ وہ ہیں کہ اللہ کے ڈر سے گر پڑتے ہیں اور اللہ تمہارے فعل سے بے خبر نہیں ‘‘۔ ( سورۃ البقرۃ)۔
سورۃ الحدید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’کیا ایمان والوں کے لئے ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان کے دل جھک جائیں اللہ کی یاد اور اس حق کے لیے جو اترا اور ان جیسے نہ ہوں جن کو پہلے کتاب دی گئی پھر ان پر مدت دراز ہوئی تو ان کے دل سخت ہو گئے اور ان میں بہت فاسق ہیں۔کنزالاعمال میں ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا چھ چیزیں ایسی ہیں جو اعمال کو ضائع کر دیتی ہیں۔مخلوق کے عیوب تلاش کرنا ، دل کی سختی ، دنیا کی محبت ، حیا کی کمی ، لمبی امیدیں اور حد سے زیادہ ظلم۔دل کی سختی کی تین علامات ہیں جن میں یہ موجود ہوں سمجھ لیں ان کا دل سخت ہو چکا ہے۔ دل سے عبادت کی لذت کاختم ہو جانا، دل میں نافرمانی کی کڑواہٹ کا محسوس نہ ہونا اور حلال کو بلا دلیل مشکوک سمجھنا۔ ترمذی شریف میں ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا فحش گوئی سخت دلی سے ہے اور سخت دلی آگ میں ہے۔ 
حضرت سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کے ذ کر کے بغیر زیادہ باتیں نہ کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ذکرکے بغیر زیادہ باتیں دل کی سختی ہیں اور اللہ تعالیٰ سے زیادہ دور وہ لوگ ہیں جن کے دل سخت ہیں۔ 
حضرت سیدنا یحییٰ معاذ رازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں جو پیٹ بھر کر کھانے کا عادی ہو جاتا ہے اس کے بد ن پر گوشت بڑھ جاتا ہے اور جس کے بدن پر گوشت بڑھ جاتا ہے وہ شہوت پرست ہو جاتا ہے اور اس کے گناہ بڑھ جاتے ہیں اور جس کے گناہ بڑھ جاتے ہیں اس کا دل سخت ہو جاتا ہے اور جس کا دل سخت ہو گیا وہ دنیا کی آفتوں اور رنگینیوں میں غرق ہوجاتا ہے۔ ( مرآۃلمناجیح)۔
حضرت سیدنا معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں دنیا چار چیزوں کا نام ہے :مال ، کلام ، سونا اور کھانا۔کیونکہ مال سر کشی کا سبب ہے ، کلام لہو ولعب میں مبتلا کر دیتا ہے ،نیند غافل کر دیتی ہے اور کھانا دل کی سختی سے ہے اور سخت دلی آگ میں سے ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

دل کی سختی

  دل کی سختی دل کی سختی ایک ایسا مرض ہے جو انسان کویاد الٰہی سے غافل کر کے اللہ کی رحمت سے دور کردیتا ہے۔  اللہ تعالیٰ قرآ ن مجید میں ارشاد...