اسلام میں بداخلاقی کی مذمت (۲)
طبرانی میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا بندہ اپنے اچھے اخلاق کی وجہ سے آخرت میں اونچے مقام پر پہنچے گا اور بلند رتبہ پائے گا چاہے وہ عبادت میں کمزور ہی کیوں نہ ہو لیکن اپنے بُرے اخلاق کی وجہ سے جہنم کے سب سے نچلے درجے تک جا پہنچے گا ۔ طبرانی میں ہی حضر ت عبدا للہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اچھے اخلاق گناہوں کو ایسے پگھلا دیتے ہیں جیسے پانی برف کو پگھلا دیتا ہے اور بُرے اخلاق نیک اعمال کو اس طرح تباہ کر دیتے ہیں جیسے سرکہ شہدکو ۔ اولیا کرام نے بھی اپنی تبلیغ میں لوگوں کو حسن خلق کا درس دیا اور ان ہستیوں نے اپنے حسن اخلاق اور کردار ہی کی بدولت لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی اور اسلام کو پُوری دنیا میں پھیلایا ۔ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں جس کا اخلاق بُرا ہوا اس نے اپنی جان کو عذاب میں مبتلا کر دیا۔ ( احیاء العلوم )۔
حضرت فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں بُرے اخلاق والے شخص کے ساتھ دوستی نہ رکھو کیونکہ وہ صرف بُرائی اور شر کی طرف بلاتا ہے ۔ آپ ؒ فرماتے ہیں کہ مجھے اچھے اخلاق والے گنہگار کی صحبت اختیار کرنا زیادہ پسند ہے بجائے اس کے کہ کوئی بُرے اخلاق والا عبادت گزار میری صحبت میں آکر بیٹھے ۔ ( احیائعلوم الدین)۔
یحییٰ بن معاذ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں بداخلاقی برائی ہے اس کی موجودگی میں نیکیوں کی کثرت فائدہ نہیں دیتی اور اعلی اخلاق نیکی ہے اس کی موجودگی میں برائیوں کی کثرت نقصان نہیں دیتی ۔ ( احیاعلوم الدین )۔
اما م غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں برے اخلاق انسان کے لیے زہر ِقاتل ہیں ،شرم ناک رسوائیاں اور کھلم کھلا برائیاں ہیں اور بُرے اخلاق اللہ تعالیٰ سے دور کر دینے والے ناپاک کام ہیں ۔ آپؒ فرماتے ہیں برے اخلاق کسی بھی شخص کو شیاطین کے زمرے میں شامل کر دیتے ہیں اور یہی بُرے اخلاق وہ دروازے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جلائی گئی اس آگ کی طرف کھلتے ہیں جو دلوں تک پہنچتی ہے ۔
وہب بن منبہ فرماتے ہیں برے اخلاق والے شخص کی مثال ٹوٹے ہوئے مٹی کے برتن کی طرح ہے جو نہ دوبارہ جڑ سکتا ہے اور نہ ہی مٹی بن سکتا ہے ۔ ( احیائالعلوم )۔
امام قثیری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ حضرت زوالنون مصری رحمۃاللہ علیہ سے کہا گیا سب سے زیادہ پریشا ن کون لوگ ہیں ؟آپ رحمۃاللہ علیہ نے فرمایا جن کے اخلاق بُرے ہیں ۔
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا تم میں سے سب سے بہتر وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں