شیطانی وسوسے (۱)
اللہ تعالیٰ بڑا عظیم ہے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے اپنے بندوں کو عظمت عطا فرمائی ۔اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو توفیق دیتا ہے کہ وہ نیک اعمال کے ذریعے اس کی قربت اور خوشنودی حاصل کریں۔ لیکن شیطان یہ چاہتا ہے کہ بندے اللہ تعالیٰ کی معرفت اور قربت حاصل نہ کر سکیں اور وہ اس مقصد کے لیے ان کے دلوں میں مختلف وسوسے ڈالتا رہتا ہے تاکہ بندے یاد الٰہی سے غافل ہوکر صراط مستقیم سے ہٹ جائیں ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’اور اگر تجھے شیطان کی جانب سے وسوسہ آئے تو اللہ کی پناہ مانگ بیشک وہی سنتا ہے‘‘ ۔ ( سور ۃ حم السجدہ )
یعنی اگر تجھے شیطان برائیوں پر ابھارے اور نیک کاموں سے دور کرنے کی کوشش کرے تو اس کے شر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگ اوراپنی نیکیوں پر قائم رہتے ہوئے شیطان کی راہ اختیار نہ کر اللہ تعالیٰ تیری مدد فرمائے گا۔ ’’بیشک وہ اوراے سننے والے اگر شیطان کی طرف سے کوئی وسوسہ آئے تو اللہ کی پناہ مانگ بیشک وہی سنتا جانتا ہے ۔ بیشک وہ جو ڈر والے ہیں جب انہیں کسی شیطانی خیال کی ٹھیس لگتی ہے ہو شیار ہو جاتے ہیں اسی وقت ان کی آنکھیں کھل جاتی ہیں ‘‘۔( الاعراف)
ان آیات میں اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ اگر شیطان تمہارے دل میں کچھ وسوسے ڈال کر سیدھی راہ سے ہٹانے کی کوشش کرے یا کسی دشمن سے لڑانے کے لیے غصہ دلائے یا کسی جاہل سے الجھانے کی کوشش کرے تو فوراً اللہ تعالیٰ سے اس شیطان مردود کے وسوسوں سے پناہ مانگو ۔ اللہ تعالیٰ نے تلاوت قرآن مجید شروع کرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کی شیطان مردود سے پناہ مانگنے کا حکم دیا ہے تا کہ تلاوت قرآن مجید کے دوران ذہن میں مختلف قسم کے وسوسوں سے محفوظ رہ سکیں ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’’تو جب تم قرآن پڑھو تو اللہ کی پناہ مانگو شیطان مردود سے ۔ بیشک اس کا کوئی قابو ان پر نہیں جو ایمان لائے اور اپنے رب ہی پربھروسہ رکھتے ہیں ۔ اس کا قابو انہیں پر ہے جو اس سے دوستی کرتے ہیں اور اسے شریک ٹھہراتے ہیں ‘‘۔ ( سورۃ النحل )
تلاوت قرآن مجید سے پہلے تعوذ ’’ اعوذ با اللہ من الشیطن الرجیم ‘‘ پڑھ لینا چاہیے ۔وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ پر کامل توکل رکھتے ہیں شیطان ان کے دلوں میں وسوسے نہیں ڈال سکتا چاہے جتنی بھی کوشش کر لے ۔
ارشادباری تعالیٰ ہے :’’ شیطان تمہیں اندیشہ دلاتا ہے محتاجی کا اور حکم دیتا ہے بے حیائی کا اور اللہ تم سے وعدہ فرماتا ہے بخشش اور فضل کا اور اللہ وسعت علم والاہے ۔( سورۃ البقرۃ )

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں