جمعرات، 4 ستمبر، 2025

حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی بشارت(۲)

 

حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی بشارت(۲)

 آسمانی کتب کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’ جو پیروی کرتے ہیں اس رسول کی جو نبی امی ہے جس کو وہ پاتے ہیں لکھا ہوا اپنے پاس تورات اور انجیل میں، وہ نبی حکم دیتا ہے انہیں نیکی کا اور روکتا ہے برائی سے اور حلال کرتا ہے ان کے لیے پاک چیزیں اور حرام کرتا ہے اس پر ناپاک چیزیں اور اتارتا ہے ان سے ان کا بوجھ اور وہ زنجیریں جو جکڑی ہوئی تھیں انہیں پس جو لوگ ایمان لائے اس نبی پر اور تعظیم کی آپ کی اور امداد کی آپ کی اور پیروی کی اس نور کی جو اتارا گیا آپ کے ساتھ وہی کامیاب و کامران ہیں ‘‘۔ ( سورۃ الا عراف )۔
حضرت عیسی علیہ السلام نے بھی اپنی قوم سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا :ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’ اور یاد کرو جب فرمایا عیسی فرزند مریم نے۔ اے بنی اسرائیل ! میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں میں تصدیق کرنے والا ہوں تورات کی جو مجھ سے پہلے آئی اور خوشخبری دینے والا ہوں ایک رسول کی جو تشریف لائے گا میرے بعد اس کا نام احمد ہو گا پس جب وہ آیا ان کے پاس روشن نشانیاں لے کر تو انہوں نے کہا یہ تو کھلا جادوہے ‘‘۔ ( سورۃ الصف )۔
 اس آیت سے واضح ہے کہ حضرت عیسی علیہ السلام نے بنی اسرائیل کو اپنے بعد آنے والے رسول یعنی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی بشارت دی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کا اسم مبارک ’’احمد‘‘بھی بتا دیا۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت سے پہلے جب یہود کی کفار اور مشرکین کے ساتھ جنگ ہوتی تو جب یہود کو ہار کے آثار نظرآتے تو اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے اور کہتے ’ اے اللہ ! ہم تجھ سے تیرے اس نبی کا واسطہ دے کرعرض کرتے ہیں جس کی بعثت کاتو نے ہم سے وعدہ کیا ہے آج ہمیں اپنے دشمنوں پر فتح عطا کر تو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے اللہ انہیں فتح عطا کرتا ‘‘۔ (روح المعانی )۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور وہ اس سے پہلے فتح مانگتے تھے کافروں پر تو جب تشریف فرما ہوا وہ نبی ان کے پاس جسے وہ جانتے تھے تو انکار کر دیا اس کے ماننے سے۔ سو پھٹکار ہو اللہ کی دانستہ کفر کرنے والوں پر ‘‘۔ ( سورۃ البقرۃ )۔
مندرجہ بالا قرآنی آیات سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے روز ازل سے ہی حضور نبی کریم رئوف الرحیم ؐ کی آمد کا اعلان فرمادیا تھا۔ اور تمام انبیاء کرام علیہم السلام سے بھی یہ عہد لے لیا تھا کہ جب میرا محبوب اس دنیا میں تشریف لائے سب اس پر ایمان بھی لائیں گے اور ان کی مدد بھی کریں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی بشارت(۲)

  حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی بشارت(۲)  آسمانی کتب کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :’’ جو پیروی کرتے ہیں اس رسول کی جو نبی امی ہ...