منگل، 29 جولائی، 2025

نیت کی اصلاح

 

نیت کی اصلاح

امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ لی عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : تمام اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور ہر شخص کو اس کی نیت کے مطابق اجر ملے گا۔ جس کی ہجرت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ کے لیے ہو تو اس کی ہجرت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ ہی کے لیے ہے۔ اورجس کی ہجرت حصول دنیا کے لیے یا کسی عورت سے نکاح کی غرض سے ہو تو اس کی ہجرت اسی چیز کے لیے ہے جس کے لیے اس نے ہجرت کی۔ ( صحیح بخاری شریف )۔
نیت کی درستگی سے مراد یہ ہے کہ نیک کام محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کیا جائے ، کسی کے خوف سے یا کسی کی خوشنودی کے لیے نہ ہو اور اس میں لوگوں میں شہرت ، نیک نامی یا دنیاوی لالچ بھی نہ ہو۔ اور اگر کوئی بھی عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کی بجائے کسی شخص کی خوشنودی یا لوگوں میں شہرت اور نام کمانے کے لیے کیا جائے یا  پھر دنیاوی مقصد کے لیے کیا جائے تو اس میں خرابی ہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اللہ کو قربانی کا گوشت یا خون نہیں پہنچتا بلکہ اسے تو تمہارا تقوی پہنچتا ہے۔ (سورۃالحج)۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشا د فرمایا : بے شک اللہ تعالیٰ تمہاری شکل و صورت اور مال و دولت کو نہیں دیکھتابلکہ وہ تو تمہارے اعمال اور دلوں کو دیکھتا ہے۔ ( مسلم شریف)۔
 کسی بھی عمل کے لیے نیت کا خالص ہونا بہت ضروری ہے۔ حدیث شریف میں آتا ہے کہ جب کوئی نیک عمل کرنے کاارادہ کرے تو اسے ایک نیکی کا ثواب مل جاتا ہے۔ اور اگر نیت کے بعد اس عمل کو کر بھی لے تو اسے کم از کم دس گناثواب ملتا ہے اور بعض صورتوں میں سات گنا تک ثواب ملتا ہے۔ (بخاری )۔
اوس بن حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشا د فرمایا : جو شخص رات کو سوتے وقت تہجد کی نیت کر لے لیکن وہ بیدار نہ ہو سکے تو اسے اس عمل کا ثواب مل جاتا ہے جس کی اس نے نیت کی اور نیند اس پر اس کے رب کی طرف سے صدقہ ہے۔ (سنن نسائی )۔
اگر کوئی عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے نہ کیا جائے بلکہ دکھلاوے کے لیے جا ئے تو وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک شرک قرار پاتا ہے۔
 حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جو شخص لوگوں کے دکھلاوے کی خاطر نماز پڑھے، روزے رکھے یا صدقہ کرے تو وہ شرک کا مرتکب ہے۔ ( مسند احمد )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱)

  زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱) انسانی شخصیت کی خوبصورتی اور کمال میں زبان اورکلام کا بہت گہرا تعلق ہے۔ جس طرح زبان کے غلط استعمال سے معا...