جمعرات، 31 جولائی، 2025

نماز اور تعمیر شخصیت(۲)

 

نماز اور تعمیر شخصیت(۲)

نماز کسی بھی فرد کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اس کی معاشرتی شخصیت کو بھی سنوارتی ہے۔ جب ایک شخص مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرتا ہے تو اسے برادری ، اخوت و مساوات اور اتحاد کا سبق ملتا ہے۔ امیر و غریب ، حاکم اور محکوم ،عالم اور جاہل سب ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے ہیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب برابر ہیں۔ یہی تاثر اس کی معاشرتی رویوں کو نرم اور متواز ن بناتا ہے۔
نماز کی وجہ سے انسان میں خود احتسابی کی خوبی پیدا ہوتی ہے۔ ہر نماز کے بعد انسان کو یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ اپنے اعمال پر نظر ثانی کرے اور اپنا محاسبہ کرے کہ اس نے دن بھر میں کیا اچھا کیا اور کیا برْا کیا۔ جب انسان اپنا احتساب کرتا ہے تو اس کے فیصلوں میں بہتری آتی ہے ، اس کا رویہ بہتر ہوتا ہے اور وہ بْرے اعمال کو چھوڑ کر اچھے اعمال کی طرف راغب ہوتا ہے۔ جب انسان نماز کی پابندی کرتا ہے تو وہ کبھی بھی لاپرواہ ، خود غرض اور غیر سنجیدہ نہیں رہتا۔ 
نماز میں رکوع سجود حقیقت میں اللہ تعالی کے سامنے اپنی عاجزی کا اظہار ہے۔ جب انسان دن میں کئی مرتبہ اللہ تعالیٰ کے حضور حاضر ہو کر سجدہ ریز ہوتا ہے تو اس کے اندر سے غرور ، انانیت اور برتری کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ یہی عجز و انکساری اسے دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے اور اچھے اخلاق سے پیش آنے والا اور نرم دل باوقار انسان بنا دیتی ہے۔
آج اس پْر فتن اور جدید دور میں جب نوجوان سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے منسلک ہو کر بے راہ روی اور بے سکونی کا شکار ہیں۔ اس کا علاج صرف اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتے ہوئے نماز کی پابندی کرنا ہے۔ نماز ان کے نفس کو کنٹرول کرنا سکھاتی ہے۔انسان کے جذبات کو معتدل بناتی ہے اور انہیں جینے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ جو نوجوان نماز کا پابند ہو وہ وقت کا پابند ہوتا ہے ، اور اس کا اخلاق بھی بلند ہوتا ہے۔ ایسا شخص نظریاتی طور پر مضبوط اور سماجی طور پر مفید بن جاتا ہے۔ 
تعمیر شخصیت کے تمام پہلو ئوں کا احاطہ کرنے والی عبادت اگر کوئی ہے تو وہ نماز ہے۔ یہ عبادت انسان کا تعلق اللہ تعالیٰ سے مضبوط بناتی ہے۔ جس سے انسان اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ بندہ ، مخلوق کا خیر خواہ اور اپنے نفس کا نگہبان بن جاتا ہے یعنی کہ وہ اپنے نفس کا محاسبہ کرتا ہے۔ اگر ہم اپنی نوجوان نسل کی شخصیت میں انقلاب دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں نماز کا پابند بنانا ہو گا یہی وہ نسخہ ہے جس سے فرد بھی سنور جائے گا اور معاشرہ بھی۔اللہ تعالیٰ ہمیں پانچ وقت نماز با جماعت پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین !

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱)

  زبان کی حفاظت اور اس کے ثمرات(۱) انسانی شخصیت کی خوبصورتی اور کمال میں زبان اورکلام کا بہت گہرا تعلق ہے۔ جس طرح زبان کے غلط استعمال سے معا...