منگل، 4 فروری، 2025

فقر کی فضیلت

 

فقر کی فضیلت

ارشاد باری تعالیٰ ہے : ’اور دور نہ کرو انھیں جو اپنے رب کو پکارتے ہیں ۔صبح و شام اس کی رضا چاہتے ہیں ۔ آ پ پر ان کے حساب سے کچھ نہیں اوران پر آپ کے حساب سے کچھ نہیں ۔ پھر آپ انھیں دور کریں تو یہ کام انصاف سے بعیدہے ۔ اور اسی طرح ہم نے آزمائش میں ڈال دیا بعض کو بعض سے تا کہ وہ کہیں : کیا یہ ہیں وہ لوگ جن پر اللہ نے احسان کیا ہے ہم میں سے ۔کیا اللہ نہیں جانتا ان سے زیادہ شکر کرنے والوں کو ‘۔
حضور نبی کریمﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ اس امت کے سب سے بہترین لوگ فقراء ہیں اور سب سے پہلے جنت میں داخل ہونے والے کمزور لوگ ہیں۔
فرمان نبویﷺ ہے : میری دو باتیں جو انھیں پسند کرتا ہے وہ مجھے پسند کرتا ہے جو انھیں برا سمجھتا ہے ، وہ مجھے برا سمجھتا ہے۔ فقر اور جہاد ۔
روایت ہے کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی ، اللہ تعالیٰ آپؐ کو سلام فرماتا ہے اور فرماتا ہے اگر آپؐ چاہیں تو پہاڑ سونے کے بنا دو ں جو آپؐ کے ساتھ ساتھ رہیں ۔ حضورﷺ نے چند لمحے خاموش  رہنے کے بعد فرمایا کہ اے جبرائیل، یہ دنیا تو اس کا گھر ہے جس کاآخرت میں کوئی گھر نہ ہو ، یہ اس کی دولت ہے جس کے پاس آخرت میں کوئی دولت نہ ہو اور اسے وہ ہی جمع کرتا ہے جس کے پاس عقل نہ ہو ۔ جبرائیل علیہ السلام بولے، اے اللہ کے نبی ؐ! اللہ تعالیٰ آپ کو اسی حق و صداقت پر قائم رکھے ۔
حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ میں نے جنت کو دیکھا اس میں اکثر فقراء تھے میں نے جہنم کو دیکھا اس میں اکثر مال دار اور عورتیں تھیں ۔ ایک روایت میں ہے کہ میں نے پوچھا کہ مال درا کہاں ہیں ؟ تو مجھے بتایا گیا کہ انھیں مال داری نے گرفتار کر لیا ہے ۔
حضرت کعب الا حبار رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام سے فرمایا جب تم فقر کو آتے دیکھو تو کہنا ، خوش آمدید نیکیوں کے لباس ۔
 حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک ایسے شخص کے پا س سے گزرے جو اینٹ کا تکیہ بنائے کمبل میں لپٹا ہو ازمین پر سو رہا تھا اوراس کی داڑھی اور تمام چہرہ گرد آلود ہو رہا تھا ۔ موسیٰ علیہ السلام نے عرض کی، اے اللہ تعالیٰ! تیرا یہ بندہ دنیا میں برباد ہو گیا ، اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کی طرف وحی کی اور فرمایا، آپ کو پتا نہیں جب میں کسی بندے پر اپنے کرم کے دروازے مکمل طور پر کھول دیتا ہو ں تو اس سے دنیا کی الفت ختم کر دیتا
 ہو ں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا: فقر دنیا میں  مومن کے لیے تحفہ ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Nafs ki kaifiaat