اتوار، 12 جنوری، 2025

سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ

 

سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ

حیدر کرار ، شیر خدا امیر المومنین سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت با سعادت بعثت نبویؐ سے دس سال پہلے ماہ رجب المرجب میں ہوئی۔ آپ کی والدہ ماجدہ کا نام فاطمہ بنت اسد تھا۔ آپ کا نام علی ، ابو تراب ، ابو الحسن کنیت اور حیدر کرار لقب تھا۔ خاندان ہاشمی سے تعلق تھا اور حضور نبی کریم ﷺ کے چچا زاد بھائی تھے۔ روایات کے مطابق حضرت ابو طالب معاشی طور پر کمزور تھے تو آپ کی پرورش کی ذمہ داری نبی کریم ﷺنے لی۔ سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضور نبی کریم ﷺ کے دامن شفقت میں پرورش پائی۔ 
جب حضور نبی کریم ﷺ نے نبوت کا اعلان کیا تو بچوں میں سب سے پہلے ایمان لانے کا اعزاز بھی آپ کو حاصل ہے۔ جب نبی کریمؐ نے اعلانیہ تبلیغ کا آغاز کیا تو انتہائی مشکلات و مصائب کے با وجود آپ نبی کریم ؐ کے ساتھ کھڑے رہے اور ہر مشکل میں آپ کا ساتھ دیا۔جب نبی کریم ؐ نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کا ارادہ فرمایا تو آپ نے حضرت علیؓ کو لوگوں کی امانتوں کا امین بنایااور فرمایا کہ میرے بستر پر سو جائو اور صبح لوگوں کی امانتیں واپس دے کر مدینے آ جانا۔ 
نبی کریم ﷺنے اپنی لاڈلی بیٹی کا نکاح سیدنا علی المرتضی ؓ کے ساتھ کیا۔ آپ نے تمام اہم غزوات میں شرکت فرمائی اورغزوہ خیبر کے موقع پر آپ نے فرمایا تھا کہ میں صبح جھنڈا اس کے ہاتھ میں دوں گا جس کے ہاتھ میں اللہ نے فتح لکھی ہے پھر صبح آپ  نے جھنڈا حضرت علی کو عطا کیا اور اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح نصیب فرمائی۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر اس معاہدے کو لکھنے کا اعزاد بھی آپ کو حاصل ہے۔ 
 نبی مکرمؐ نے غزوہ تبوک کے موقع پر حضرت علی ؓ  کو اپنا نائب مقرر فرمایاتوآپ نے عرض کی کہ آقاآپ مجھے عورتوں اوربچوں میں چھوڑیے جارہے ہیں۔حضور نے فرمایاکیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ میرے ساتھ تمہاری وہی نسبت ہے جوھارون کو موسیٰ سے تھی۔(بخاری ومسلم)۔سیدنا علی المرتضی کے اقوال ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چند اقول درج ذیل ہیں:
۱: آپ  فرماتے ہیں کہ گناہوں کی دنیامیں یہ سزا ہے کہ عبادت میں سستی اور رزق میں تنگی ہو جاتی ہے۔ ۲: کامل فقیہہ وہ ہوتا ہے جو لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ کرے اور نہ ہی گناہ کرنے کی ڈھیل دے۔ ۳: حلال کی خواہش اس شخص میں پیدا ہوتی ہے جوحرام کمائی چھوڑ دینے کی پوری پوری کوشش کرتا ہے۔ ۴: سیدنا علی المرتضی فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق بہترین راہنما ہے۔ ۵: سب سے بڑی دولت عقل مندی اور سب سے بڑا افلاس حماقت ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں