اتوار، 5 جنوری، 2025

سرور کائنات ؐسے محبت کا دعوی اور حقیقت(۱)

 

سرور کائنات ؐسے محبت کا دعوی اور حقیقت(۱)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا تم میں سے اس وقت تک کوئی کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے والدین ، اولاد اور تمام لوگوں سے بڑھ کر مجھ سے محبت نہ کرے۔ ( بخاری )۔
آج ہم حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کا دعوی تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر نبی کریم ﷺ سے محبت کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ حضور ؐسے محبت صرف دعویٰ کا نام نہیں بلکہ اس کو عملی طور پر ثابت بھی کرنا ہو گا۔ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کی سب سے اہم علامت یہ ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں سیرت النبی ؐ کی پیروی کی جائے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے شریعت کے معاملات میں جو ہمارے لیے حد مقرر کی ہے ہم اس سے تجاوز نہ کریں۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اے محبوب (ﷺ)  فرما دیجیے کہ اگر تم اللہ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہو تو میری اتباع کرو اللہ تم سے محبت کرے گا۔ اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر تم میری محبت کا دعوی کرتے ہو تو یہ دعوی تب سچا ہو گا جب تم سب میرے محبوبؐ کی پیروی کرو گے۔ 
سرور کائنات ؐ سے محبت کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ ہم اپنے قول و فعل کے ذریعے دین کی مدد کریں اور شریعت محمدیؐ کی حفاظت کریں۔ سخاوت ، ایثار ، حلم ، صبر اور تواضع میں حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل پیر ا ہوں۔ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ ہم حضور نبی کریم ﷺ کی شریعت کے سامنے اپنا سر جھکا دیں۔ اور حضور نبی کریم ﷺ کے حکم اور فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے تنگی محسوس نہ کریں۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ اے محبوب (ﷺ) تیرے رب کی قسم یہ لوگ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک اپنے متنازعہ امور میں آپ کا حکم نہ مان لیں اور آپ کے فیصلوں پر ان کے دلوں میں کوئی رنجش نہ ہو اور یہ آپ کے فیصلوں کے سامنے سر تسلیم خم نہ کر لیں۔ 
اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کے ایمان کی حقیقی نفی کر دی ہے جو حضور نبی کریم ﷺ کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے یا پھر ان کو مانتے ہوئے عار محسوس کرتے ہیں۔ حضور ؐکا حکم اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کیونکہ حضور نبی کریم ﷺاس وقت تک نہیں بولتے جب تک اللہ تعالیٰ کی وحی نہ آجا ئے۔ 
آپؐ سے محبت کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ جب ذکر مصطفی ؐ کیا جائے اور آپ کی ذات مبارکہ پر درود بھیجا جائے تو بڑی تعظیم اور ادب کے ساتھ اور خشوع خضوع کے ساتھ بھیجا جائے۔ آپ  کا نام سنتے ہی اپنی آنکھوں کو ادب سے جھکا لیا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے اقوال(2)

  خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے اقوال(2) حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ عاشق کا دل محبت کا آتشکدہ ہوتا ہے...