بدھ، 22 جنوری، 2025

سونے کے آداب (۱)

 

سونے کے آداب (۱)

ارشاد باری تعالیٰ ہے :’’ اور اس کی نشانیوں میں سے ہے تمہارا سونا رات کے وقت اور دن کے وقت تلاش کرنا اس کے فضل کو ، بلا شبہ اس میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو سنتے ہیں۔ ( سورۃ الروم )۔ دوسری جگہ ارشاد فرمایا:’’ اور ہم نے بنا دیا تمہاری نیند کو باعث آرام ‘‘۔ ( سورۃ النباء)۔
 حضرت جا بر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مطابق حضور ؐ نے فرمایا جب تم رات کے وقت سونے لگو تو چراغ بجھا دیا کرو اور دروازے بند کر دیا کرو۔ (بخاری )۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مطابق نبی کریم ﷺ نے فرمایا اپنے گھروں میں سوتے وقت جلتی ہوئی آگ نہ رہنے دو۔ (بخاری شریف)۔
حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایاجب تم اپنے بستر پر آئو تو نماز کی طرح کا وضو کرو اور پھر سیدھی کروٹ لیٹ جائواور پھر یوں کہو’’ الھم اسلمت وجھی الیک وفوضت امری الیک‘‘ ( بخاری شریف)۔ 
رسول کریمﷺ نے سونے سے پہلے بستر کو تین بار جھاڑنے کا حکم دیا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے۔ رسول خدا ؐ نے فرمایا : جب تم سے کوئی اپنے بستر پر سونے کے لیے آئے تو اپنے بستر کو تین بار اچھی طرح جھاڑ لے۔ ایک روایت میں ہے کہ آپ  نے فرمایاجب تم سے کوئی اپنے بستر پر سونے کے لیے آئے تو اپنے بستر کو اچھی طرح جھاڑ ے اور پھر اللہ تعالیٰ کا نام لے یعنی بسم اللہ پڑھے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ اس کے بعد اس کے بستر پر کون تھا۔ ( بخاری ، مسلم شریف)۔
 رسول کریم ﷺ کا طریقہ کار یہ تھا کہ آپ  جب تک قرآن مجید میں سے کچھ تلاوت نہیں فرما لیا کرتے تھے سوتے نہیں تھے۔ قرآن پاک پڑھ کر سونے سے انسان شیطان کی شرارتوں سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
 حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا واقعہ جس میں ایک چور روز کچھ نہ کچھ چوری کر لیتا تھا۔ اور جب آپ نے اسے پکڑ کر حضور ﷺ کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ فرمایا تو اس نے کہا کہ مجھے چھوڑ دیں میں آپ کو کچھ کلمات بتاتا ہوں جن کا اللہ تعالیٰ تمہیں بہت فائدہ دے گا۔جب تم اپنے بستر پر جائو تو آیۃ الکرسی پڑھ لیا کرو۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمہاری حفاظت پر ایک فرشتہ مامور ہو جائے گا۔اور صبح تک شیطان بھی تمہارے پاس نہیں آئے گا۔ رسول پاک ﷺ نے فرمایا اس نے تم سے سچ کہا لیکن وہ خود بڑا جھوٹاہے۔ آپ نے کہا تم جانتے ہو تم تین راتیں کس سے باتیں کرتے رہے ہو ؟ میں نے عرض کی نہیں۔ آپ  نے فرمایاوہ شیطان ہی تھا۔ ( بخاری شریف)۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں