منگل، 14 جنوری، 2025

امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ تعالیٰ علیہ (۲)

 

امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ تعالیٰ علیہ (۲)

      کوفہ سے فراغت کے بعد آپ حرمین شریفین چلے گئے۔ جس زمانہ میں آپ مکہ معظمہ پہنچے درس و تدریس کا نہایت زور تھا۔ متعدد اساتذہ کی جو فن حدیث کے ماہر تھے اور اکثر صحابہ کرام  کے مستفیض ہوئے تھے ان کی الگ الگ درسگاہیں قائم تھیں۔ امام اعظم ابو حنیفہ نے دیگر احباب کے علاوہ حضرت عطار بن ابی رباح اور حضرت عکرمہ سے بھی علم احادیث حاصل کیا۔ اس کے بعد آپ  مدینہ منورہ تشریف لے گئے اور حضرت امام باقر اور دیگر احباب کی خدمت و صحبت میں رہے اور اکتساب علم حاصل کیا۔
صاحب ردالمختار لکھتے ہیں کہ امام اعظم فن حدیث میں امام تھے۔ امام شافعی  فرماتے ہیں تمام لوگ فقہ میں امام اعظم کے پروردہ ہیں۔ تمام فقہاامام اعظم ابوحنیفہ کی عیال ہیں۔ حضرت امام مالک سے کسی نے پوچھا کہ آپ نے امام ابو حنیفہ کو دیکھا تھا تو آپ نے ایک ستون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ میں نے ایک ایسا شخص پایا کہ اگر وہ اس ستون کو سونے کا ثابت کرنا چاہے تو اپنے علم کی زور سے وہ ایسا کر سکتے تھے۔ آپ صوم و صلوۃ کے پابند تھے اور اکثر عشاء کی نماز کے بعد عبادت میں مشغول ہو جاتے اور ساری ساری رات عبادت میں مشغول رہتے تھے۔ حضرت عبد اللہ بن مبارک فرماتے ہیں کہ جب آپ کوفہ پہنچے تو آپ نے لوگوں سے دریافت کیا کہ اس شہر میں سب سے زیادہ پارسا کون ہے تو سب کا ایک ہی جواب ہوتا امام اعظم سے بڑھ متقی کو ن ہو سکتا ہے۔
حضرت امام رازی روایت کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ امام اعظم کہیں جا رہے تھے تو راستے میں پائوں کی ٹھوکر سے کیچڑ اچھل کر کسی کی دیوار پر چلا گیا۔آپ وہاں رک گئے اور سوچنے لگے کہ یہ کیچڑ تو صاف ہو جائے گا مگر اس کے ساتھ دیوار پر بھی خراشیں آئیں گی۔
 اتنے میں مکان کا مالک جو ایک یہودی تھا اور آپ کا مقروض بھی باہر آ گیا اور آپ کو دیکھ کر شرمندہ ہوا کہ آپ قرض مانگنے آئے ہیں۔ آپ نے اسے کہا کہ میں تمہار ا قرض معاف کر دوں گا اگر تم مجھے میرا قصور معاف کر دو۔ مجھ سے تمہارے گھر کی دیوار خراب ہو گئی ہے۔ یہودی آپ کے اخلاق سے متاثر ہوا اور فوراً حلقہ بگوش اسلام ہو گیا۔ آپ نے بغداد شریف کے ایک قید خانے میں وصال فرمایا۔آپ نے قید خانے میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔ آپ کے شاگردامام محمد نے آپ سے قید خانے میں ہی علم حاصل کیا اور جید فقیہ بن کر نکلے۔ سن ۱۴۶ہجری کو خلیفہ منصور نے آپ کو قید کیا اور سن ۱۵۰ہجری آپ خالق حقیقی سے جا ملے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں