جمعہ، 2 اگست، 2024

جوانی کا صحیح استعمال (۲)

 

جوانی کا صحیح استعمال (۲)

کچھ نوجوان ایسے ہوتے ہیں جو اپنی جوانی کو اسلام کے احکام کے مطابق گزارتے ہیں نیکیاں کمانے اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر کبھی کوئی غلطی سرزد ہو جائے تو فوراً اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ کرتے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : اللہ پاک اس نوجوان کو پسند فرماتا ہے جو اپنی جوانی کو اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری میں گزار دے۔ (حلیة الا لیا ء)۔اور کچھ نوجوان ایسے ہیں جنہیں اپنی آخرت کی کوئی فکر نہیں اور وہ دنیا کی ظاہری رنگینیوں میں گم ہیں۔ انکے نزدیک دنیامیں عیش و عشرت ہی سب کچھ ہے 
نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر 
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر 
حضرت ابو الطیب طبری رحمة اللہ تعالیٰ نے بڑھاپے میں بھی ذہنی اور جسمانی لحاط سے بہت زیادہ تندرست اور توانا تھے۔آپ سے کسی نے اس کا راز پوچھا تو آپ نے فرمایا : میں نے اپنی جوانی میں اپنی جسمانی قوت کو گناہوں سے محفوظ رکھا اور آج جب میں بوڑھا ہو گیا ہو اللہ تعالیٰ نے انہیں میرے لیے باقی رکھا ہے۔ 
حضرت جنید بغدادی نے ایک بوڑھے شخص کو دیکھا جو لوگوں سے بھیک مانگ رہا تھا۔ آپ نے فرمایا اس نے جوانی میں اللہ تعالی کے حقوق کو ضائع کر دیا تو اللہ نے بڑھاپے میں اس کی قوت کو ضائع کر دیا۔ 
حضرت علامہ ابن رجب حنبلی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ جوانی میں عبادت کے بارے میں فرماتے ہیں جس نے اللہ کو اس وقت یادکیا جب وہ جوان اور توانا تھا اللہ تعالیٰ اسکا اس وقت خیال رکھے گا جب وہ بوڑھا اور کمزور ہو جائے گا اور اسے بڑھاپے میں بھی اچھی قوت سماعت ، بصارت ، طاقت اور ذہانت عطا فرمائے گا۔ 
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جوانی میں عبادت کرنے والے کو پڑھاپے میں عبادت کرنے والے پر ایسے فضیلت ہے جیسے مجھے تمام انبیاءکرام علیہم السلام پر فضیلت حاصل ہے۔ ( الترغیب )۔ 
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جب تک کسی ایسے نوجوان کو دیکھو جو تنگی اور خوشحالی دونوں صورتوں میں اسلام کے مطابق اپنی زندگی کو بسر کرے وہ تمہارے بہترین لوگوں میں سے ہے۔ ( کنزالعمال)۔
ہمارا ماضی نوجوانوں کے عمدہ کارناموں ، بے مثال قربانیوں اور دینی خدمات سے روشن و تاباں ہے لیکن آج کا نوجوان عیش و عشرت میں پڑاہوا ہے اور اپنی جوانی کو ضائع کر رہا ہے۔ مسلم نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنی زندگی کا اصل مقصد تلاش کریں اور خود کو پہچانیں۔ یہ پہچان اسی صورت حاصل ہو گی جب نوجوان اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابقڈھال لیں گے۔ 
افراد کے ہاتھو ں میں ہے اقوام کی تقدیر 
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں