اتوار، 11 اگست، 2024

نماز اور قرآن شفا ءکا خزانہ(۲)

 

نماز اور قرآن شفا ءکا خزانہ(۲)

حضرت واثلہ بن الاسقع رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے ایک شخص نے حضور نبی کریم ﷺ سے عرض کی یارسول اللہ مجھے حلق میں تکلیف ہے آپ نے ارشاد فرمایا باقاعدگی سے قرآن مجید کی تلاوت کیا کرو۔( شعب الایمان )۔
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ ایک شخص نے حضور نبی کریم ﷺسے سینہ میں درد کی شکایت کی تو آپ نے فرمایا قرآن پڑھا کرو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو ”شفاءلمافی الصدور “ کہا ہے یعنی اس میں سینے کے امرض کی شفاءہے۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے :” اہتمام کیا کرو تمام نمازوں کا اور درمیان والی نماز کا تو خاص خیال رکھا کرو۔ اللہ کے آگے ادب سے کھڑے رہا کرو “۔ (سورة البقرة ) 
حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا نماز دین کا ستون ہے اور اس میں دس عمدہ باتیں ہیں۔ نماز پڑھنے سے دنیا و آخرت میں چہرے پر نور ظاہر ہوتا ہے۔ نیک کاموں کے لیے دل میں سوزو تڑپ پیدا ہوتی ہے۔ نماز تمام بیماریوں سے بدن کی حفاظت کرتی ہے۔ نماز رحمت الٰہی کا سبب اور عبادت کے آسمان پر پہنچنے کی کنجی ہے۔ نماز پڑھنے والے کی قبر سے تاریکی دور ہو گی۔ نماز سے میزان پر نیکیوں کا پلڑ ا بھاری ہوگا۔ نماز پڑھنے والا جنت کی نعمتوں کا حق دار بنے گا۔ نماز پڑھنے سے جہنم کی آگ سے آزادی اور مصائب اور غموں سے نجات حاصل ہو گی۔ نماز روز قیامت اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا ذریعہ بنے گی اور نماز پڑھنے والے کو دیدار الٰہی نصیب ہو گا۔ 
نماز ہر مسلمان مرد و عورت کو سختیوں سے محفوظ رکھتی ہے اور اسے کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کرنے کا باعث ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہر فرد پر پانچ سختیاں ضرور آتی ہیں لیکن جو نماز کی پابندی کرے گا وہ ان سے محفوظ رہے گا۔ نماز کی پابندی کرنے والا موت کی سختی ، قبر کی سختی ، قیامت کی سختی ، پل صراط کی سختی اور جنت میں جانے سے پہلے حساب کی سختی سے محفوظ رہے گا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں ایک مرتبہ میں نے حضور نبی کریم ﷺ سے عرض کی کہ میرے پیٹ میں درد ہے آپ نے فرمایا تمہارے پیٹ میں درد ہے تو نماز ادا کرو کیونکہ نماز میں شفاءہے۔ ( ابن ماجہ ) 
لیکن یہ ساری فضیلتیں اور شفاء اسی صورت میں حاصل ہوں گی جب ہم قرآن مجید کو صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھیں گے اور اس کے احکام پر عمل کریں گے اور نماز کو آرام اور اطمینان کے ساتھ ادا کریں اگر قرآن کی تلاوت کرنے اور نماز کی ادائیگی میں کوتاہی کریں گے تو ان ساری نعمتوں سے محروم رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں