جمعہ، 12 جولائی، 2024

محبت اہل بیت

 

محبت اہل بیت

  محبت رسولﷺ نہ صرف کامل ایمان کی دلیل ہے بلکہ اتحاد امت کا واحد ذریعہ بھی ہے۔حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کا حقیقی اور لازمی تقاضا یہ ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ سے جڑے ہر رشتے اور ہرشئے سے محبت کریں۔ حضور نبی کریم ﷺ سے کامل محبت یہ ہی ہے کہ ہم اہل بیت اطہار ، ازواج مطہرات اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے بھی محبت و عقیدت رکھیں اور دل و جان سے ان کی عزت کریں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :(اے محبوب ؐ) آپ فرما دیجیے کہ میں اس ( تبلیغ رسالت ) پر تم سے کوئی اجرت طلب نہیں کرتا سوائے قرابت کی محبت کے۔ ( سورۃ الشورٰی :۲۳)۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نہ اس آیتِ مبارکہ کی تفسیر میں بیان کرتے ہیں کہ تمام قریش میں رسول اللہ ؐ کی قرابت تھی ، جب قریش نے آپ کی رسالت کی تکذیب کی اور آپ کی اتباع کرنے سے انکار کر دیا تو آپ نے فرمایا : اے میری قوم !جب تم نے میری اتباع کرنے سے انکار کر دیا ہے تو تمہارے اندر جو میری قرابت ہے اس کی حفاظت کرو یعنی اس قرابت کی وجہ سے مجھے اذیت نہ دو اور مجھے نقصان نہ پہنچائواور تمہارے علاوہ دوسرے عرب قبائل میری حفاظت کرنے میں اور میری مدد کرنے میں زیادہ راجح نہیں ہیں۔(المعجم الکبیر )۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ جب یہ آیت مبارکہ نازل ہوئی تو مسلمانوں نے حضور نبی کریم ﷺ سے عرض کی اے اللہ کے محبوب  آپ کے وہ قرابت دار کون ہیں جن سے محبت کرنا ہم پر واجب ہے ؟ آپ نے ارشاد فرمایا علی رضی اللہ عنہ  اور انکے دونوں بیٹے حسنین کریمین رضی اللہ تعالی عنہم۔(المعجم الکبیر ) 
حضرت ابن عباس سے مروی ہے حضور نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالی سے محبت رکھو کیونکہ وہ اپنی نعمتوں سے تم کو غذا دیتا ہے اور اللہ سے محبت کی وجہ سے مجھ سے محبت رکھو اور میری محبت کی وجہ سے میرے اہل بیت سے محبت رکھو۔ ( سنن ترمذی ) 
حضرت زید بن ارقم سے مروی ہے حضور نبی کریم ؐ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ ، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہ ، حضرت حسن رضی اللہ عنہ اور حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے متعلق ارشاد فرمایا : جو ان سے جنگ کرے گا میں اس سے جنگ کروں گا اور جو ان سے صلح رکھے گا میں اس سے صلح رکھوں گا۔ (ترمذی ، ابن ماجہ ) 
حضرت عبد المطلب بن ربیعہ سے مروی ہے حضور نبی کریم ﷺنے ارشاد فرمایا : کسی شخص کے دل میں ایمان داخل نہیں ہوتا مگر اہل بیت کی محبت کے ساتھ۔ ( ترمذی )۔حضرت بو سعیدخدری ؓسے مروی ہے حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد  فرمایا :جس کسی نے اہل بیت سے بغض رکھا اللہ نے اسے جہنم میں ڈالا۔ ( مستدرک زرقانی )۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں